اسلام آباد(مانند میڈیا)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والیفاز میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم، مسلح افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ا پنے ایک تہنیتی پیغام میں مسلح افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کی دفاعی مہارت اور صلاحیتیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ فاز میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت ہے، دفاعی شعبے میں خود انحصاری کے لیے پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی تکنیکی مہارت اور دفاعی صنعت کی ترقی کا مظہر ہے، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو دفاعی میدان میں مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔