لاہور ( مانند میڈیا) وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے ریلیف کے اقدامات جاری رکھیں گے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج کمی کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ماڈل ٹاؤن لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران خواجہ احمد حسان نے پیٹرولیم سبسڈی کی مد میں عوام کو بلاامتیاز ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم سے کروڑوں افراد براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح کے لیے اربوں روپے کی ادائیگی کی گئی ہے اور عوام اس اقدام کو سراہ رہے ہیں۔ خواجہ احمد حسان نے عالمی سطح پر جنگی تنازعات کے سفارتی حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کاوشوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے ریلیف کے اقدامات جاری رکھیں گے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج کمی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر جنگی حالات کے باعث دنیا بھر کی معیشتوں میں اتار چڑھاؤ آیا ہے، جس سے قیمتوں میں عدم استحکام پیدا ہوا۔ مستقل امن قائم ہونے سے صورتحال بہتر ہو جائے گی