اسلام آباد( مانند نیوز) وفاقی حکومت نے نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم کے انعقاد کیلئے آئینی و قانونی تیاری مکمل کرلی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزارت قانون، پارلیمانی امور، اٹارنی جنرل نے ریفرنڈم کے آئینی و قانونی پہلوؤں پر مشاورت کے بعد حکمت عملی طے کی ہے۔
پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی نے آئینی ترمیم کی حمایت نہ کی اور نئے صوبوں سے متعلق آئینی ترمیم کیلئے مطلوبہ حمایت حاصل نہ ہوئی تو معاملہ ریفرنڈم کیلئے پارلیمنٹ میں لایا جا سکتا ہے۔
پی ٹی آئی نے نئے صوبوں کی حامی ہونے کے باوجود مجوزہ آئینی ترمیم کی حمایت کا ابھی تک واضح عندیہ نہیں دیا۔ذرائع کے مطابق ریفرنڈم کیلئے آئین کے آرٹیکل 48کی شق 6کے تحت طریقہ کار اپنانے کی تجویز ہے۔ وزیر اعظم قومی اہمیت کے معاملے پر پارلیمنٹ سے ریفرنڈم کی اجازت حاصل کر سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ریفرنڈم کے انعقاد کیلئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظوری لی جائے گی۔ مارچ 2027کے پہلے ہفتے میں متوقع سینیٹ انتخابات سے قبل صوبوں کے معاملے پر پیش رفت ضروری قرار دی گئی ہے۔
ریفرنڈم کی آئینی و قانونی حیثیت کے تعین کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا امکان بھی زیر غور ہے، ذرائع کے مطا بق نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے، ملک میں 10سے 12صوبے بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔
پنجاب کو 4 صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو دو، دو صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز ہے۔بلوچستان اسمبلی میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قرارداد جلد پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرانے کی باز گشت ہے۔ آئین پاکستان ریفرنڈم کے بارے میں کیا کہتا ہے؟آئین پاکستان 1973کے آرٹیکل 48 میں ریفرنڈم سمیت صدر کے اختیارات اور فرائض کی واضح حد بندی کی گئی ہے آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 میں ریفرنڈم سے متعلق طریقہ کار بیان کیا گیا ہے۔
اس کے مطابق اگر وزیر اعظم قومی اہمیت کے کسی معاملے پر ریفرنڈم کرانا ضروری سمجھے تو وہ معاملہ مجلسِ شوریٰ یعنی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے سامنے پیش کرے گا، مشترکہ اجلاس سے منظوری کے بعد وزیرِ اعظم اس معاملے کو ریفرنڈم کیلئے اس صورت میں پیش کر سکتا ہے کہ اس کا جواب "ہاں” یا "نہیں” میں دیا جا سکے۔