کراچی: ( ما نند میڈیا)سابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ قرآن مجید ایک زندہ معجزہ ہے، جس کی مقبولیت، ترویج اور اشاعت وقت گزرنے کے ساتھ مسلسل بڑھ رہی ہے۔ دنیا کی کوئی دوسری کتاب ایسی نہیں جس کے نزول اور اشاعت کو صدیاں گزرنے کے باوجود اس کے پڑھنے، حفظ کرنے، سمجھنے اور اس پر عمل کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہو۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ قرآن کسی انسان کی تصنیف نہیں بلکہ خالقِ کائنات کی نازل کردہ کتاب ہے، جو قیامت تک پوری انسانیت کے لیے ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاک اے، نارتھ کراچی، فنانس آباد میں درس قرآن کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں بزرگوں کے ساتھ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ راشد نسیم نے کہا کہ رسول اکرم ۖ کو عطا کیے گئے معجزات میں قرآن مجید ایک ایسا زندہ معجزہ ہے جو آج بھی پوری دنیا کے سامنے اپنی حقانیت اور تاثیر کے ساتھ موجود ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ قرآن کریم کے حفظ، تلاوت، مطالعے، دروس و تدریس اور اشاعت کے حلقے وسیع ہوتے جا رہے ہیں، جو اس کتابِ الٰہی کی عالمگیر تاثیر کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کے پاس ہارورڈ اور آکسفورڈ جیسی بڑی جامعات، لندن اسکول آف اکنامکس جیسے تعلیمی ادارے، ہالی ووڈ، ڈزنی لینڈ اور تفریح کے بے شمار ذرائع موجود ہیں، لیکن اس تمام مادی ترقی کے باوجود انسانیت اخلاقی اور معاشرتی زوال کا شکار ہے۔ جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے، خواتین کے خلاف سنگین جرائم بڑھ رہے ہیں، جبکہ ایپسٹین فائلز اس اخلاقی گراوٹ کی ایک شرمناک مثال ہیں۔ دوسری جانب خودکشیوں، نفسیاتی امراض اور منشیات کے استعمال میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ صورت حال اس حقیقت کو واضح کرتی ہے کہ مادی ترقی اور انسانی عقل کے بنائے ہوئے نظریات انسانیت کو حقیقی سکون اور تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔ راشد نسیم نے کہا کہ انسانیت کے پاس اپنے مسائل سے نکلنے اور اپنی کھوئی ہوئی عظمت بحال کرنے کا واحد راستہ قرآن مجید کی طرف رجوع کرنا ہے۔ قرآن جب نازل ہوا تو اس نے سب سے پہلے نوجوانوں کو اپنی طرف متوجہ کیا اور آج بھی نوجوانوں کی بڑی تعداد اس سے وابستہ ہو رہی ہے۔ مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی اور صدر بننا شہید نے بھی نوجوانی ہی سے قرآن سے رہنمائی حاصل کرنا شروع کی اور آگے چل کر دنیا کی دو بڑی اسلامی تحریکوں کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں جنریشن زی (Gen Z) کا بہت تذکرہ ہو رہا ہے، لیکن اس نسل کے لیے کوئی نیا قرآن نازل ہونے والا ہے اور نہ کوئی نیا نبی مبعوث ہوگا۔ نوجوان نسل کی رہنمائی کے لیے بھی وہی قرآن موجود ہے جو خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ۖ پر نازل ہوا۔ اسی قرآن اور رسول اکرم ۖ کی تعلیمات سے وابستگی کے ذریعے نئی نسل اپنی اصلاح بھی کر سکتی ہے اور انسانیت کی تعمیر و اصلاح میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کا چہرہ انسانی نظریات، خود ساختہ اصولوں اور مادی فلسفوں کے باعث مسخ ہوتا جا رہا ہے۔ انسانوں کے بنائے ہوئے نظام انسانیت کو اس کی اصل عظمت واپس نہیں دلا سکتے۔ اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ نظریات، اصول اور ضابط? حیات ہی انسانیت کے چہرے کو دوبارہ روشن کر سکتے ہیں۔ قرآن کی رہنمائی اختیار کرکے ہی انسان اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی سنوار سکتا ہے، دنیا میں عزت و سربلندی حاصل کر سکتا ہے اور انسانیت کو اس کے حقیقی مقام پر فائز کر سکتا ہے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے