اسلام آباد ( مانند میڈیا) چیٔرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے کہا ہے کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کی عمارت اور دیگر تربیتی سہولیات کی تکمیل سے دارالحکومت میں زیر تربیت پولیس افسران کو اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ تربیت کی سہولیات میسر آئیں گی۔ سیکٹر ایچ الیون میں زیر تعمیر نیشنل پولیس اکیڈمی منصوبے کا 96 فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ 11 منزلہ عمارت کا فنشنگ ورک تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ چیٔرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے بدھ کے روز سیکٹر ایچ الیون میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے زیر تعمیر منصوبے کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ سینئر افسران نے انہیں منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت، تعمیراتی کاموں اور تربیتی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ افسران نے بتایا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کی عمارت بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور سمیت مجموعی طور پر 11 منزلوں پر مشتمل ہے۔ سی ڈی اے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 11 منزلوں پر مشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت خصوصی طور پر پولیس اہلکاروں کی تربیت کے لیے تعمیر کی جارہی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیٔرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی ہدایات کے مطابق منصوبے کو 15 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ 11 منزلہ عمارت میں مجموعی طور پر 126 کمرے تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ زیر تربیت پولیس افسران کی جسمانی تربیت کے لیے جاگنگ ٹریک، ریپلنگ ٹاورز اور مختلف آبسٹیکلز بھی منصوبے میں شامل کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق نیشنل پولیس اکیڈمی کے مجموعی ترقیاتی کاموں کا 96 فیصد سے زائد حصہ مکمل ہوچکا ہے اور عمارت کا فنشنگ ورک آخری مراحل میں ہے۔ چیٔرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی ہدایت پر باقی ماندہ تعمیراتی اور فنشنگ کاموں کی جلد تکمیل کے لیے چوبیس گھنٹے کام جاری ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اکیڈمی میں 7.442 میٹر طویل ٹریک کی تعمیر اور لینڈ اسکیپنگ کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ٹریک پر راک کٹنگ، ارتھ ورک، اسٹون پیچنگ اور کرب اسٹونز کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ منصوبے میں شامل دو ریپلنگ ٹاورز کا سول ورک بھی تکمیل کے قریب ہے جبکہ زیر تربیت پولیس افسران کی جسمانی استعداد اور پیشہ ورانہ تربیت بہتر بنانے کے لیے مختلف آبسٹیکلز نصب کیے جارہے ہیں۔ چیٔرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں تربیت کے لیے تمام اعلیٰ معیار کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور باقی ماندہ تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق جلد مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اکیڈمی کی عمارت اور دیگر تربیتی سہولیات کی تکمیل سے اسلام آباد میں زیر تربیت پولیس افسران کو جدید اور اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔