اسلام آباد (مانند نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جو بھی ری سیٹ ہوگا جمہوری ہوگا، سیاستدان خود مایوس ہوں گے تو عوام کا نظام پر اعتماد کیسے قائم ہوگا، عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاستدانوں کو عوام کے اعتماد اور امید کو برقرار رکھنا ہوگا، ملک کا بچہ بچہ کرپشن سے نفرت کرتا ہے، ایسا نظام بنائیں کہ کرپشن کرنے کے راستے بند کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کا نظام پر اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے، عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے نظام کو بہتر بنانا ہوگا، پارلیمان کی بالادستی بحال کرنا ہوگی، عدلیہ پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، نوجوان ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں کرپشن نہ ہو۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کرپشن کے راستے بند کرنا ہوں گے، نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت لانا ہوگی، ایسا نظام بنانا ہوگا جس میں کرپشن کی گنجائش نہ ہو، عوام کو بغیر کسی تکلیف کے سہولتیں فراہم کرنے والا نظام بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یوتھ کارڈ کے تحت مختلف شعبوں میں نوجوانوں کو سہولتیں ملیں گی، دکانیں ریسٹورنٹس اور جم نوجوانوں کو خصوصی رعایت دیں گے۔ نجی اداروں سے رجسٹرڈ نوجوان کم قیمت پر سہولتیں حاصل کرسکیں گے، نجی شعبے کے ادارے یوتھ کارڈ ہولڈرز کو رعایتی سہولتیں فراہم کریں گے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ سندھ کے مختلف شہروں میں ٹرانسپورٹ سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، نوجوانوں کو سرکاری ٹرانسپورٹ میں خصوصی سہولتیں دینے کی کوشش کریں گے، نجی ٹرانسپورٹ اداروں سے نوجوانوں کو سبسڈی دینے کی درخواست کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ تعلیم اور روزگار کے لیے سفر کرنے والے نوجوانوں کو ریلیف دیں گے، نوجوانوں کو تعلیم کے حصول کے لیے مالی مدد فراہم کریں گے، سندھ کے اندر اور بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والوں کو سہولت دیں گے، نوجوانوں کو اسکالرشپ اور دیگر مالی معاونت یوتھ کارڈ کے ذریعے فراہم کریں گے، اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند نوجوانوں کی مالی معاونت کی جائے گی، حکمران نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوام کی فلاح کا سوچیں، سندھ کے تمام نوجوانوں تک یوتھ کارڈ کی سہولت پہنچانا چاہتے ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عالمی حالات کے اثرات اور جنگ کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے، عالمی معاشی بحران کے باعث عوام کو مزید مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، مہنگائی میں ریکارڈ اضافے سے عوام کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں، حکمرانوں کی ذمہ داری ہے نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ دیں، حکمران پاکستان اور دنیا بھر میں عوام کی خدمت پر توجہ دیں، معاشی آفت سے عوام کو بچانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے نظام کو تیار کرنا ہوگا، حکومت کو مستقبل کے معاشی حالات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہوگا، جو نوجوان اعلیٰ تعلیم کے لیے مالی مدد چاہتے ہیں وہ اس کارڈ کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں، موجودہ معاشی حالات میں سب سے زیادہ مشکلات نوجوانوں کو ہیں، نوجوانوں کے لیے مہنگائی کے باعث زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ہے، روزگار کی تلاش میں نوجوان مسلسل مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، سندھ حکومت نوجوانوں کے مسائل کا احساس کرتے ہوئے اقدامات کررہی ہے۔