اسلام آباد (مانند نیوز )ملکی معیشت کے استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب پیش رفت کے باوجود وزارت خزانہ نے مشرق وسطیٰ کی جغرافیائی و سیاسی کشیدگی، عالمی توانائی کی قیمتوں اور بیرونی مالیاتی حالات کو معیشت کے مستقبل کیلئے اہم خطرات قرار دے دیا ہے۔وزارت خزانہ کی ماہانہ اقتصادی جائزہ رپورٹ کے مطابق نومبر 2026ء میں عمومی مہنگائی کی شرح 9 سے 10 فیصد رہنے کا امکان ہے، تاہم رواں ماہ مقامی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے باعث مہنگائی اس حد کے نچلے درجے پر رہ سکتی ہے۔ آئندہ مہینوں میں مہنگائی کا رجحان عالمی توانائی کی قیمتوں، غذائی اجناس کی فراہمی اور گزشتہ سال کی بنیادی قیمتوں کے اثرات پر منحصر ہوگا۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کا دوبارہ بڑھنا، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث زراعت کو نقصان اور عالمی مالیاتی حالات میں سختی ملکی معیشت کیلئے بڑے خطرات ہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کی معیشت استحکام کے مرحلے سے نکل کر پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہی ہے، جس میں بہتر مالیاتی اور بیرونی کھاتوں سے معاشی اعتماد بحال ہوا ہے۔ اکتوبر میں جاری کھاتے کا سرپلس بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر اور آئی ٹی و ڈیجیٹل خدمات کی برآمدات میں اضافے کے باعث ممکن ہوا۔ عالمی سرمایہ مارکیٹوں تک دوبارہ رسائی اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے سے ادائیگیوں کا مجموعی توازن بھی سرپلس ہوگیا، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر کی پوزیشن بہتر اور روپے کی قدر مستحکم رہی۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2027ء کی پہلی سہ ماہی میں وفاقی اور صوبائی محصولات میں اضافے کے باعث مجموعی بجٹ اور بنیادی بجٹ دونوں سرپلس رہے۔