اورکزئی(مانند نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ شفیع اللہ خان گنڈاپور کا ضلع اورکزئی آمد۔ڈی پی او کوہاٹ شفیع اللہ خان گنڈاپور کا ضلع اورکزئی بابر میلا ہیڈکوارٹر پہنچنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی نذیر خان نے پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر ایس پی انویسٹیگیشن علی حسن، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر دیسوار علی ودیگر افسران بھی موجود تھے۔اورکزئی اور کوہاٹ کے سرحدی علاقوں میں قیام امن اور مربوط کوآرڈینیشن کو فروغ دینے کیلئے ضلعی پولیس سربراہوں کے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ضلع اورکزئی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اجلاس میں ڈی پی او اورکزئی نذیر خان، ڈی پی او کوہاٹ شفیع اللہ خان گنڈاپور، ایس پی انوسٹی گیشن اورکزئی علی حسن، ڈی ایس پی دسوار علی اور دیگر پولیس افسران موجود تھے۔اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کاؤنٹر کرائمز کے حوالے سے دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں منشیات کی سپلائی لائن بند کرنے اور دونوں اضلاع کی آپسمیں متصل بارڈر کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے حوالے سے جامع لائحہ عمل طے کیا گیا۔اجلاس میں بین الاضلاعی سرحد کے نزدیکی علاقوں میں مجرمانہ سرگرمیوں کے بہتر تدارک اور اسمگلنگ کی روک تھام کے سلسلے میں بھی اقدامات اٹھانے کی حکمت عملی وضع کرلی گئی۔بین الاضلاعی سرحدات کے کٹھن پہاڑی علاقوں میں روپوش اشتہاریوں کے ٹھکانوں کا کھوج لگانے اور انکی گرفتاری عمل میں لانے کے امور پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی ضلعی پولیس سربراہوں کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں اورکزئی اور کوہاٹ کی سنگم پر واقع پولیس چوکیوں و چیک پوسٹوں میں موجود افرادی قوت اور دیگر ضروریات کا جائزہ لیا گیا اور فورس کو مزید متحرک کرنے کے عوامل بھی زیر بحث لائے گئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او اورکزئی نذیر خان، ڈی پی او کوہاٹ شفیع اللہ خان گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وہ مشترکہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں اور درپیش چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کرنا باہمی اتحاد اور مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔