پشاور(مانند نیوز ) پاکستان میں ہر سال 7دسمبر کو نیشنل ووٹرز ڈے منایا جاتاہے۔ مرکزی، صوبائی اور ضلعی سطح پر مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ رواں سال بھی ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن مردان نے غیر سرکاری تنظیم ساؤتھ ایشیا پارٹنر شپ پاکستان جذبہ پروگرام،وومن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن،سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور آئی آر ایس پی کے تعاون سے نیشنل ووٹرز ڈے کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام کیا جوگورنمنٹ پوسٹ گریجوٹ کالج مردان میں منعقد ہوا،تقریب سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مردان ضیاء الرحیم،ساؤتھ ایشیا پارٹنرشب پاکستان کے پروگرام جذبہ کے لوکل ریسورس پرسن نصرت آرا،محمد عارف خان،کالج کے پرنسپل محمد ابرار اخونزادہ اور دیگر نے کہا کہ ووٹر ڈے منانے کا مقصد ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، یہ دن منانے کا مقصد عوام کو جمہوری اور قومی ذمیداری سے روشناس کرانا ہے۔ضلعی الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم آزاد، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے کوشاں ہیں، اس موقع پر انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کا ہر شہری باالخصوص خواتین, خواجہ سرا، معذور افراد شناختی کارڈ بنوا کر ووٹ کا اندراج یقینی بنائیں۔تاکہ وہ ریاست کے معاملات میں اپنا اختیار استعمال کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کی مضبوطی میں ووٹ بنیادی اہمیت کاحامل ہے، جمہوری نظام میں رائے دہندگان کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے اقتدار کا فیصلہ کرتے ہیں، ووٹ کی طاقت عوام کو قیادت چننے کاحق دیتی ہے،، انتخابی عمل میں خواتین کا کردار اہم ہے اور وہ اپنے حقوق کا تحفظ کر سکیں,جمہوریت عام آدمی کو ملکی معاملات میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کرتی ہے، ووٹرز جمہوری استحکام پیدا کر کے ملک کو ایک ترقی یافتہ ملک بناسکتے ہیں کیونکہ جمہوریت میں عوام کو مرضی کی قیادت منتخب کرنے کا اختیار حاصل ہے، جمہوریت کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے ووٹر کے فیصلے کو اہمیت دینی ہوگی۔نصرت آرا نے کہا کہ ساؤتھ ایشیا پارٹنر شپ پاکستان جذبہ پروگرام نے خواتین ووٹرز کے زیادہ سے زیادہ اندراج کو یقینی بنانے کیلئے بھی ایک ملک گیر مہم کا آغاز کررکھاہے جس کے ذریعے ملک بھر سے تمام اضلاع بالخصوص جن علاقوں میں خواتین کے ووٹ کے رجحانات کم نہیں پر خصوصی توجہ مبذول کی جائے گی اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ذریعے خواتین ووٹرز کے اندراج کو یقینی بنایا جائے گا،آخر میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن مردان کی طرف سے نصرت آرا،محمد عارف خان اور پرنسپل محمد ابرار اخونزادہ کو خصوصی شیلڈ پیش کئے گئے