سوات(مانند نیوز) حلقہ پی کے 6 میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کی زیر صدارت تحصیل میونسپل آفس بریکوٹ سوات میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحصیل چیئرمین کاشف علی خان بھی شریک ہوئے۔ ضلعی محکموں کے سربراہان و نمائیندوں نے چار سالہ کارکردگی و جاری منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے صحتِ عامہ، ابتدائی و ثانوی تعلیم، اعلٰی تعلیم، آبنوشی و آبپاشی، زرعی ترقی و کسان دوست سکیموں، روڈ اور بلڈنگ منصوبوں، کھیل و تفریح کے مواقعوں میں اضافہ، دیہی ترقی، روزگار و ہنر کے لئے منظور شدہ سکیموں اور لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے متعلقہ محکموں کو جاری سکیموں و منصوبوں کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں میں پیشرفت مقررہ وقت پر یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے منصوبوں میں پیشرفت یقینی بنانے سمیت شفافیت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ تحصیل بریکوٹ میں تعلیمی ڈھانچے میں بہتری کا جائزہ لیتے ہوئے صوبائی وزیر نے اپگریڈ ہونے والے و نئے تعمیر شدہ تعلیمی اداروں میں کلاسز کی جلد اجراء کیلئے بھی حکام کو ھدایات جاری کیں۔ صحتِ عامہ میں جاری منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تکمیل شدہ منصوبوں کا افتتاح کرنے اور عوام کے دسترس میں لانے کے لئے انتظامات مکمل کرانے پر بھی زور دیا۔ زرعی ترقی، لائیو سٹاک اور کسان دوست منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے صوبائی وزیر نے شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بریکوٹ کے پسماندہ ترین علاقوں میں میگا منصوبوں پر کام جاری ہے جس میں یونیورسٹی، سکاؤٹس سنٹر، پیراپلیجک سنٹر اور روڈ نیٹ ورک کے منصوبے شامل ہیں۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت عامہ اور روڈ منصوبوں کے ساتھ ساتھ علاقے میں زراعت و لائیو سٹاک کی ترقی اور سیلاب سے متاثرہ ایریگیشن چینلز کی بحالی پر توجہ دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر منصوبے تکمیل کے مرحلے میں ہیں اور جلد ہی ان منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیگی۔