کوہاٹ (مانند نیوز)چیئرمین ڈیڈک کوہاٹ ضیاء اللہ خان بنگش ایم پی اے نے منگل کے روز کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں 3 روزہ کوہاٹ ریجن انٹر کنسٹی چیونسی گیمز 2022 کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔اس موقع پر ریجنل سپورٹس آفیسر سیدسکندر شاہ، کوہاٹ، کرک، اورکزئی اورکرم اضلاع کے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرزاور پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداروں کے علاوہ شائقین سپورٹس کی کثیر تعدادبھی موجود تھی۔انٹر کنسٹی چیونسی گیمز میں کرکٹ، فٹ بال اور والی بال کے مقابلے ہورہے ہیں جس میں کوہاٹ،ہنگو،کرک اورکزئی اورکرم اضلاع کے سینکڑوں کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ مذکورہ گیمز کے ونر ٹیمیں پشاور میں منعقدہونے والی صوبائی سطح پر مقابلوں میں حصہ لیں گے۔صوبائی مقابلوں کیلئے کوہاٹ ریجن کے کامیاب ٹیموں کا فائنل انتخاب 15 دسمبر کو کیا جائے گا۔ضیاء اللہ بنگش کااس موقع پر کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ میں انتہائی سنجیدہ ہے اورکوہاٹ میں اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والابے مثال سپورٹس کمپلیکس اس کی واضح ثبوت ہے۔ان کا مزید کہناتھا کہ کوہاٹ کے تحصیلوں لاچی اورگمبٹ میں بھی سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پرکام جاری ہے جبکہ تحصیل درہ آدم خیل میں بھی سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 150 کنال اراضی حاصل کرلی گئی ہے اور عنقریب اس پر بھی کام شروع کردیا جائے گا۔ضیاء بنگش نے مذکورہ گیمز کے انعقاد کوسراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس کے انعقاد سے ریجن کی سطح پرہم آہنگی کوفروغ حاصل ہوگا اورنچلی سطح سے میرٹ پربہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔قبل ازیں مہمان خصوصی نے فیتہ کاٹ کرانٹر کنسٹی چیونسی گیمز کا باقاعدہ افتتاح کیا اورتینوں گیمز کے کھلاڑیوں سے فرداً فرداً ملے۔