سوات(مانند نیوز)سوات ڈی آر سی ممبران بغیر کسی معاوضے کی کام کررہی ہے۔ ان کا کردار قابل تعریف ہے۔ سوات میں دوستانہ پولیسنگ نظام متعارف ہے۔ یہاں مکمل امن قائم ہے۔عوام بلاخوف و خطر پولیس کو مشکوک افراد کی نشاندہی کرائیں۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے تھانہ کبل میں DRCممبران اور علاقائی مشران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈی آر سی کا کردار قابل تعریف ہے۔ ممبران معاشرے سے بدامنی و بے چینی اور آپس کے جھگڑوں کو دوستی میں بدلنے کی خدمات بغیر کسی معاوضے کے سرانجام دے رہے ہیں۔ یہ صحت مند اور پرامن معاشرے کے قیام کیلئے اولین اور قابل ستائش کاوشیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنت نظیر وادی سوات میں دوستانہ پولیسنگ نظام متعارف کردیا ہے۔ سوات میں مکمل امن قائم ہے اور سیاحوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔سیاح بلاخوف و خطر سوات کی سیر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اصلاحی معاشرے کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ایک اصلاحی معاشرے کا قیام ممکن ہوسکے۔اس کیلئے پولیس اور عوام نے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد ماحول پر نظر رکھیں اور بلا خوف و خطر پولیس کو مشکوک افراد کی نشاندہی کریں۔ ہم عوام کے خادم ہیں اور عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔