وانا (مانند نیوز) لوئر وزیرستان وانا کے سیاسی قائدین نے آج ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کے سامنے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور پریس کانفرنس میں اولسی پاسون پلان بی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 6 جنوری بروز جمعہ لوئر وزیرستان کی تمام سیاسی جماعتیں بشمول پی ٹی ایم رستم بازار وانا میں امن کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے خلاف ایک بڑا جلسہ کریں گی، اور جلسہ کے اختتام پر اسی روز وانا کے تمام داخلی و خارجی رواستے احتجاجاً بند کردیں گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ لوئر وزیرستان کی ساری داخلی و خارجی شاہراہوں کی بندش کے ساتھ ہی تمام سڑکوں پر نہ ختم ہونے والے دھرنے شروع کیے جائیں گے، اور تمام سڑکیں اس وقت تک بند رہیں گی جب تک حکومت وانا میں اغواء کاری، دہشتگردی، ڈکیتیوں اور جاری بدامنی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی نہیں کرادیتی۔ انہوں نے کہا کہ 6 تاریخ کے جلسہ اور دھرنے کو کامیاب بنانے کیلئے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں کے مقامی نمائندے سخت محنت کریں گے۔ پریس کانفرنس کے سیاسی قائدین نے حکومت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ لوئر وزیرستان میں امن کی بحالی تک ہماری مہم جاری رہے گی اور پلان بی کے بعد پلان سی وڈی استعمال کریں گے اور امن کی بحالی کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انضمام کے بعد قبائلی اضلاع میں امن قائم کرنا اور عوام کی جان ومال کاتحفظ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے اب حکومت کو چاہیئے کہ سیاسی جماعتوں اور عوام کے تعاون سے علاقے میں امن قائم کرنے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات شروع کردے۔ انہوں نے وانا کے عوام سے 6 تاریخ کو اولسی پاسون پلان بی کے بھر پور شرکت کی اپیل کی۔