ایبٹ آباد (مانند نیوز)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے ملک کو تباہی سے دوچار کر دیا ہے اس کا واحد حل آزادانہ اور شفاف انتخابات ہیں۔عمران خان نے کہہ دیا ہے آئندہ ہفتہ کو خیبر پختونخوا اور پنجاب کی اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں گی۔عوام بھی چاہتے ہیں ان امپورٹڈ حکمرانوں سے جان چھوٹ جائے۔ الیکشن کمیشن امپورٹڈ حکمرانوں یا کوئی اور جتنی مرضی ہے دھاندلی کرلے تحریک انصاف کو نہیں ہرا سکے گا۔ اگر امپورٹڈ حکومت نے پہلوتھی کی یاکوئی حیلے بہانے کرکے الیکشن ملتوی کرنے کی کوشش کی تو جان لیں یہ ان کی غلطی ہو گی ملک کو تباہ نہیں ہونے دینگے۔ان کی ہر چوک چورائے میں تحریک انصاف سے ملاقات ہوگی اور عدالتوں کا بھی دروازہ کھٹکٹائیں گے۔ملک میں آئندہ حکومت تحریک انصاف کی ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ایبٹ آباد ہاکی گروانڈ کی 12کروڑ لاگت سے مکمل ہونے والے آسٹروٹرف پر گراؤنڈ کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔اس سلسلہ میں ہاکی گراؤنڈ میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق ایم این اے علی خان جدون، تحصیل میئر ایبٹ آباد سردار شجاع نبی، ڈائریکٹر سپورٹس سلیم رضا،احمد زمان سپورٹس آفیسر،سابق ڈی جی سپورٹس طارق محمود،سابق سیکرٹری لالہ فضل الرحمن ہاکی اکیڈمی محمد سعید قریشی،سیکرٹری ہزارہ کراٹے ایسوسی ایشن حاجی شاہد اعوان، مختلف تنظیموں کے آفیشلز اور ہاکی کے کھیل سے وابستہ عہدیداران اور کھلاڑی بھی اس موقع پر موجود تھے۔سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد وفاقی حکومت کا کوئی جواز نہیں رہتا پورے ملک میں مارچ میں الیکشن ہوں گے۔اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو اس سے بھی جنرل انتخابات میں تحریک انصاف کے ایم این ایز کو فائدہ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر فوری الیکشن نہیں ہوتا۔ملک ڈیفالٹ کر جائے گا۔کوئی بنک بیرون ممالک پاکستانی ان پر اعتماد نہیں کرتے ان حالات میں کیسے ملک چلے گا۔مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا آپ دیکھیں گے جیسے ہی نگران حکومت آئی ملک استحکام میں چلا جائے گا۔پیپلز پارٹی اور ن لیگ دونوں طرف ڈاکو بیٹھے ہوئے ہیں۔پہلے ایک ڈاکو حکومت کرتا تھا کچھ ملک پر لگاتے اور باقی لوٹ لیتے تھے۔اب سارے ڈاکو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں۔سارا لوٹ لیتے ہیں ملک کے لئے کچھ نہیں بچتا۔انہوں نے کہا کہ عوام ان سے نجات چاہتے ہیں ملک کے 70فیصد عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔انہوں نے مذید کہا کہ خیبر پختونخوا میں عمران کی حکومت نے صوبہ اور باالخصوص ایبٹ آباد میں وہ کام کئے جس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔انہوں نے کہا ہمیشہ مسلم لیگ کو چیلنج کیا ہے ان کے اور پی ٹی آئی کے کاموں کا موازنہ کرلیں۔مسلم لیگ ن کے کروڑوں اور تحریک انصاف نے اربوں کے منصوبے مکمل کئے ہیں۔ترقیاتی کاموں کے علاوہ نوجوانوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے کے سہولیات مہیا کی ہیں۔ایبٹ آباد میں سپورٹس کمپلیکس کے لئے پونے تین کنال اراضی حاصل کر چکے ہیں جس کا پی سی ون بن رہا ہے۔اسی طرح شہر میں بچوں اور بچیوں کے لئے کمشنر آفس کے قریب ایک سپورٹس کمپلیکس بنا رہے ہیں۔ڈھوڈیال میں بھی ایک بڑا منصوبہ بنایا جا رہا ہے کوشش ہے ایبٹ آباد کے اطراف میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی سہولت دے سکیں۔ہاکی گراؤنڈ میں آسٹروٹرف پہاڑ بن چکی تھی،آسٹروٹرف پاکستان میں نہیں بنتی باہر سے درآمد کی گئی ہے۔اب ایبٹ آباد میں جدید ترین گراؤنڈ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔رکن قومی اسمبلی علی خان جدون نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات سے کھیل کے گراؤنڈ بند ہوئے تھے۔جس سے ایبٹ آباد میں بھی کھیلوں میں نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کے نام سامنے آنا ختم ہو گئے تھے۔آج ایبٹ آباد کے نوجوانوں کے لئے بڑی خوشی کا مقام ہے کہ ہاکی گراؤنڈ پھر سے بحال ہوا ہے۔ہاکی گروانڈ کی آسٹروٹرف کے لئے این او سی حاصل کرنے بڑی محنت کی جس میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔قبل ازیں تحصیل میئر سردار شجاع نبی،سابق ڈی جی سپورٹس طارق محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہاکی کے کھیل میں ایبٹ آباد کو ایک بڑا مقام حاصل ہے۔یہاں سے بڑے اولمپئن نے اپنے خطہ کا نام روشن کیا۔انہوں نے مذید کہا کہ ہاکی گراؤنڈ نوجوانوں کے لئے تحفہ ہے قومی سطح پر اپنا مقام بنائیں گے۔اس موقع پر اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے ایبٹ آباد ہاکی گروانڈ کے دونوں مین دروازوں کے نام ایبٹ آباد کے نامور اولمپئن کے نام پر نعیم اختر اور فضل الرحمن لالہ کے نام پر رکھنے کا اعلان کیا۔تقریب کے اختتام پر کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو شیلڈ اور انعامات بھی دیئے گئے۔