ایبٹ آباد(مانند نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ایبٹ آباد کے زیر اہتما م سینئر سیاسی رہنما و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی سید سلیم شاہ کے اعزار میں شاندار استقبالیہ جلسہ عام کا انعقاد، سینئر مرکزی عہدیداران، سینیٹرز و صوبائی وزراء کی شرکت، سید سلیم شاہ ہزاروں ساتھیوں سمیت جلسہ گاہ پہنچے، تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی ایبٹ آباد کے زیر اہتمام سابق امیدوار صوبائی اسمبلی سید سلیم شاہ کے ساتھیوں اور کنبہ جنبہ سمیت پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین میں شمولیت پر ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا اہتمام بار کلب گراؤنڈ ایبٹ آباد میں کیا گیا، استقبالیہ تقریب میں مرکزی جنرل سیکرٹری پی پی نیئر حسین بخاری، سینیٹر محترمہ روبینہ خالد، صوبائی جنرل سیکرٹری شجاع سالم خان (شازی خان) ڈاکٹر امجد آفریدی صوبائی سیکرٹری اطلاعات، محترمہ شائستہ رزاق صوبائی صدر ویمن ونگ، محترمہ ابشریٰ جدون نائب صدر خواتین ونگ، سمیت دیگر قائدین بھی شریک ہوئے، سید سلیم شاہ سینکڑوں گاڑیوں، ہزاروں ساتھیوں،کارکنان کے ہمراہ ایک شاندار ریلی کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچے، جلسہ گاہ پہنچنے پر ضلعی صدر سرفراز خان جدون، سید جعفر شاہ سمیت دیگر ضلعی و مرکزی قائدین نے جیالوں اور کارکنان کے ہمراہ سید سلیم شاہ اور ہمرائیوں شاندار استقبال کیا، گل پاشی کی گئی اور پھولوں کی مالائیں پہنا کر آمد کا خیر مقدم کیا گیا، کارکنان کی جانب سے شدید نعرہ بازی کی گئی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، ایبٹ آباد کی فضاء پیپلز پارٹی کے ترانوں اور نعروں سے گونجتی رہی، بعد ازاں تقریب کا با قاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد مقررین نے کارکنان سے خطاب کیا، مقررین نے اس موقع پر صوبائی حکومت اور پی ٹی آئی قیادت کو نشانہ تنقید بنایا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہے، سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کی کثیر تعداد میں جلسہ میں شرکت سے ثابت ہو گیا کہ خواتین نہ صرف آبادی کا آدھا حصہ ہیں بلکہ وہ دیگر کی طرح سیاسی میدان میں بھی شانہ بشانہ ہیں، سید سلیم شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹیاں کارکنان سے قائم ہیں کارکنان کی عزت و احترام سب سے مقدم ہے، ہم اپنے ہزاروں کارکنان سمیت پیپلز پارٹی کی صفوں میں شامل ہوئے ہیں کارکنوں کو جائز مقام اور عوام کو انکا حق دلوانے کے لئے سرگرم عمل رہیں گے،انہوں نے پی پی قیادت کا آمد پر شکریہ بھی ادا کیا، مرکزی جنرل سیکرٹری پی پی نیئر بخاری نے اپنے خطاب میں مسرت اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی آج بھی مستحکم و مضبوط قوت ہے اگر کسی کو غلط فہمی ہو تو وہ ایبٹ آباد کا آج کا اجتماع دیکھ لے، انہوں نے کہا کہ پارٹی کے پاس نظریاتی کارکنان اور بہترین صلاحیتیوں کی حامل قیادت موجود ہے سید سلیم شاہ ہمارے پرانے ساتھ ہیں، ان کی پارٹی میں شمولیت سے اسے مزید استحکام ملے گا،شازی خان نے نوید سناتے ہوئے کہا کہ جلد اپنی سیاسی سرگرمیوں سمیت عوامی منصوبوں پر بھی کام کا آغاز کر رہے ہیں اور جلد ہزا رہ ڈویژن کی ہر تحصیل میں بے نظیر انکم سپورٹ کا دفتر قائم کر کے حق داروں کا ان کا حق دیں گے، تقریب کے اختتام پر سید سلیم شاہ کی جانب سے شرکاء جلسہ کے لئے شاندار ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔