سوات (مانند نیوز)سوات تحصیل کبل علا قہ غاخی بانڈئی روڈ کسی برساتی نالے کی شکل اختیار کرگیاہے۔ روڈنما نالے پر گاڑیوں کی آمدورفت محال ہے۔ روڈ کی منظوری ہمارے لئے وبال جان بن گئی۔ موٹرسائیکل کے ذریعے دوسری سواری لے جانا بالکل ناممکن ہے۔مریض کو اس روڈ پہ نہیں لے جایا جاسکتا۔روڈ کو فوری بحال کیاجائے۔ بصورت دیگر ہم شدید احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔ پھر ہم روڈ بھی بلاک کریں گے۔ ایم پی اے، ایم این اے، ڈی سی اور این ایچ اے کے ایکسین کے گھر کے سامنے دھرنا بھی دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل کبل کے علاقہ غاخی بانڈئی روڈ کی ناگفتہ بہہ صورت حال کے پیش نظر اہلیان علاقہ سراپا احتجاج بن گئے۔ احتجاج کی قیادت سیاسی و سماجی کارکن محمدزادہ کررہے تھے۔ انہوں نے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بارہا افسران بالا اور حکام بالا کی توجہ دلانے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ عرصہ ہوگیا ہے کہ روڈ کی حالت کسی برساتی نالے کی شکل اختیار کرگیاہے۔اس روڈ نما برساتی نالے پر گاڑیوں کی آمدورفت یکسر محال بن گئی ہے۔ سابق وفاقی وزیرنے اس روڈ کی منطوری دی جس پر پورا علاقہ بہت خوش تھا لیکن وہ منظوری ہمارے لئے وبال جان بن گئی۔ موٹرسائیکل سوار بمشکل اس پر گزرسکتاہے جبکہ دوسری سواری ساتھ لے جانا بالکل ناممکن ہے۔ مریض کو اس روڈ پہ ہسپتال نہیں لے جایا جاسکتا کیونکہ مریض کی حالت مزید خراب ہوجاتی ہے۔ روڈ کا ٹھیکیدار عرصہ سے غائب ہے۔ ہمارے ساتھ کھلم کھلا مزاق ہورہاہے۔ انتظامیہ اور منتخب نمائندگان نوٹس لیں۔ ایم پی اے، ایم این اے ہماری دادرسی کریں۔ ڈی سی صاحب ایکسین کو فوری روڈ بحالی کے احکامات جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ دس دن کاالٹی میٹم دیا جارہاہے۔ اگر دس دن میں غاخی بانڈئی روڈ پر کام شروع نہ کیاگیا تو پھر پورا علاقہ کبل میں دھرنا دے گا۔ کبل چوک ہر قسم ٹریفک کیلئے بند کردیاجائے گا۔ پھر افسران و حکام جو کرنا چاہیں کریں، لیکن ہم اپنے مؤقف سے پھر نہیں ہٹیں گے۔ پھر منتخب نمائندگان اور دیگر افسران کے گھروں کے سامنے بھی دھرنے دیں گے۔ پھر حالات جو رخ بھی اختیار کریں گے اس کی پوری کی پوری ذمہ داری حکام و افسران بالا پر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم بھی اس علاقے کے باشندے اور پاکستان کے شہری ہیں۔ ہمارے مسائل کا حل بھی اتنا ہی اہم اور ضروری ہے جتنا منتخب نمائندگان کے اپنے علاقوں کے اہم اور ضروری ہوتے ہیں۔ ہم پرامن شہری ہیں اور پرامن طریقے سے اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، لیکن اگر ہمارے مسائل بروقت حل نہ کئے گئے تو پھر ہم متبادل راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوجائیں گے جس کی ساری ذمہ داری منتخب نمائندگان اور انتظامیہ پر ہوگی۔