سوات (مانند نیوز)سوات ہائیرسیکنڈری سکول کبل نے صوبائی والی بال فائنل اپنے نام کرلیا۔ کھلاڑیوں کا بہترین کھیل۔ فائنل میں بنوں 0-3 سے شکست دے دی۔ شائقین کا بھرپور جوش و خروش۔ مختلف سکولوں کے پرنسپلز نے شرکت کی۔ شائقین نے ہائیرسیکنڈری سکول کے کھلاڑیوں کے کھیل کو خوب سراہا۔ تفصیلات کے مطابق آل کے پی کے ہائی سکولز والی بال ٹورنمنٹ کا فائنل ہائیرسیکنڈری سکول کبل نے اپنے نام کرلیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹیم انچارج نواب علی نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے ضلعی سطح سے لے کر صوبائی سطح تک بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کھلاڑیوں کی آپس میں انڈرسٹینڈنگ اور ٹیم ورک بہت اچھا رہا۔ ہر مقابلہ میں تمام کھلاڑی جان لڑا کر کھیلے جس کے نتیجے میں وہ آگے بڑھتے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی تربیت کے دوران اس بات پر زیادہ زور دیا گیا تھا کہ غلطیوں کو جلد سدھارا جائے اور دہرانے سے سخت اجتناب کیاجائے۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں کو یہ تربیت دی گئی کہ ایک ساتھی کی غلطی کو مدمقابل کیلئے موقع بننے سے پہلے اس کی اصلاح کی جائے تاکہ مدمقابل کا پلہ باری نہ ہونے پائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائنل میچ میں تمام کھلاڑی پرعزم انداز میں میدان میں اترے۔ کسی بھی خوش فہمی میں مبتلا ہوئے بغیر مقابل کے کھیل کو پرکھ کر ان کا مقابلہ کیا اور ان کی کمزوریوں سے خوب فائدہ اٹھایا اور فائنل اپنے نام کرلیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے کہا کہ اپنے ادارے کا نام روشن کرنا ہمارا اولین مقصد تھا۔ اس مقصد کے حصول کیلئے ہر کھلاڑی نے بڑھ چڑھ کر اچھا کھیل پیش کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ یہ سب ٹیم انچارج نواب علی کی تربیت تھی کہ ہم اس قابل ہوئے کہ بہترین ٹیم ورک کے ساتھ کھیل کر جیت اپنے نام کرلی۔ فائنل میچ ہائیر سیکنڈری سکول کبل اور بنوں کے درمیان کھیلا گیا۔ ہائیرسیکنڈری سکول کبل نے بنوں کو 0-3 سے شکست دے دی۔ کھلاڑیوں میں کپتان زین زادہ، وقاص، انعام اللہ، نجیب اللہ، طلحہ خان، عماد خان، سہیل خان، شفقت مظہر، ضیائاللہ اور حسن شامل تھے۔ کھلاڑیوں نے بہت اچھا کھیل پیش کیا۔ فائنل میچ میں مختلف سکولز کے پرنسپلز نے بھی شرکت کی۔ تمام شائقین نے ہائیرسیکنڈری سکول کے کھلاڑیوں کو خوب داد دی۔ یاد رہے کہ سوات کے کسی ادارے نے پہلی دفعہ صوبائی فائنل جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔