کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن محمود اسلم وزیر نے لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ڈاکٹرز، سٹاف اور عوام سے ملاقات کی اور ان سے ہسپتال کی سہولیات کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر کوہاٹ نے ان کی دی ہوئی ہدایات پر رینویشن کے کام کا جائزہ لیا جس پر انہوں نے سٹاف کو سراہا۔ اس کے ساتھ انہوں نے ہسپتال میں مزید بہتری لانے کیلئے ٹیم تشکیل دی جو کہ اس میں مزید ایکویپمنٹس لانے کیلئے کام کرے۔کمشنر کوہاٹ نے ہسپتال کے اپگریڈیشن کے حوالے سے بھی کیس تیار کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ سہولیات اور سٹاف میں مزید اضافہ ہو سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ کمشنر کوہاٹ کی ذاتی دلچسپی پر انیستیزیا مشین ہسپتال کو ڈونیٹ کر دی گئی ہے جس سے ہسپتال میں اب ایک کے بجائے تین آپریشن تھیٹر ایک ساتھ کام کر سکیں گے۔ اس سے سالانہ دس ہزار مریضوں کو فائدہ ہوگا۔ اس کے علاوہ کچھ سیریس آپریشن جن کیلئے مریضوں کو پشاور منتقل کیا جاتا تھا، وہ اب لیاقت میموریل ہسپتال میں ہی ہو سکیں گے۔کمشنر کوہاٹ نے نئی بلڈنگ کے حوالے سے ایکسین میگا پراجیکٹس کو ہدایت جاری کی کہ جلد سے جلد ٹینڈر کر کے اس پر کام شروع کرے۔ لیاقت میموریل ہسپتال کے عملہ اور ایم ایس نے کمشنر کوہاٹ ڈویژن کا انتہائی شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں کوہاٹ ڈویژن کے ہیلتھ سیکٹر میں مزید بہتری لانے کیلئے تعاون کی درخواست کی۔