راولپنڈی(مانند نیوز ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہاسٹیبلشمنٹ نے فیصلہ کیا ہوا ہے کہ وہ ایک حد سے آگے نہیں جائیں گے،15جنوری سے15اپریل اہم ہیں 100دن میں انتخابی شیڈول آئے گا،پنجاب کے بعد کے پی کے اسمبلی تحلیل ہوگی،پھرسندھ اسمبلی سے ممبر واپس اورقومی اسمبلی سے استعفے منظورکرائیں گے۔بلدیاتی شعبدہ بازی کام نہیں آئے گی۔جتنی دیر کریں گے اپنی سیاست ڈھیر کریں گے بینکوں کے لئے خوف سے سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ معاشی سلامتی، ملکی سلامتی،اقتصادی سلامتی اور قومی سلامتی سب خطرے میں پڑ گئے ہیں۔اب نوازشریف کو بلائیں اور اسکا بھی سیاسی کام تمام کرائیں۔الیکشن ناگزیر ہیں،سیاسی بکرے کی ماں کب تک الیکشن سے بھاگے گی،پی ڈی ایم الیکشن سے فراری ہے تو پھر ملک میں وہ کیا چاہتی ہے۔ملک میں اہم سیاست شروع ہوگئی ہے۔ادھر ایک انٹرویو میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کے مطالبے کو بعض جگہوں سے سپورٹ حاصل ہے، وہ لوگ جنہیں آپ حریف سمجھ رہے ہیں وہ اصل میں حلیف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایک ہی دن الیکشن کا سوچا جا رہا ہے جب کہ اسٹیبلشمنٹ نے فیصلہ کیا ہوا ہے کہ وہ ایک حد سے آگے نہیں جائیں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر اداروں نے بندے روکے ہوتے تو 186 پورے نہ ہوتے، اگر جمالی صاحب ایک ووٹ سے وزیراعظم بن سکتے ہیں تو ایک ووٹ سے تحریک اعتماد ناکام بھی ہوسکتی تھی۔