سوات (مانند نیوز ڈیسک)پشاور پولیس لائن مسجد میں دھما کہ کے بعد ملاکنڈ ڈویژن بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، اس حوالے سے آر پی او ملاکنڈ سجاد خان نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈویژن بھر کے ڈی پی اوز کو سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کے احکامات جاری کردئے، ڈویژن بھر کے سرکاری عمارتوں، پولیس سٹیشن، چوکیات کی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے بھی احکامات جاری کردئے گئے،ترجمان ملاکنڈ ریجن پولیس کے مطابق ڈویژن بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں لگانے اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، آر پی او سجاد خا ن نے پولیس لائن پشاور واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں پولیس جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،آر پی او ملاکنڈ سجاد خان نے سوات پولیس کے جوانوں کو ڈیوٹی کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سوات سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔