کوہاٹ (مانند نیوز ) محکمہ سپورٹس کوہاٹ کے زیر اہتمام ضلعی انتظامیہ اور مول کمپنی کے تعاون سے ضلع کوہاٹ میں جاری سپورٹس فیسٹیول 2023 کے تحت تحصیل لاچی سطح کے جاری مختلف گیمزکے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔فیسٹیول کا موٹو ہے ”اب کھیلے گا ہر کھلاڑی اپنے حلقے سے” اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی امجد خان آفریدی تھے جبکہ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کوہاٹ ساجد آفریدی اور شائقین کھیل کی کثیر تعداد موجود تھی۔فیسٹیول جو لاچی میں ایک ہفتہ تک جاری رہا،میں فٹ بال، والی بال، رسہ کشی، ایتھلیٹکس کونلی اور بیڈمنٹن کے مقابلے ہوئے۔اگلے مرحلے میں کوہاٹ کے دوسرے تحصیلوں میں مذکورہ گیمز کے مقابلے ہوں گے۔تحصیل کی سطح پر کامیاب ٹیموں کے مابین فائنلز کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوں گے۔مہمان خصوصی نے اس موقع پر ونر اور رنر اپ ٹرافیاں دینے کے علاوہ کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات بھی تقسیم کئے. مہمان خصوصی نے مقامی کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور فیسٹیول میں جاری اپنے متعلقہ گیمز میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے آپ کو بہترین کھلاڑی ثابت کرکے آگے بڑھیں. ان کا کہنا تھا کہ فیسٹیول کے انعقاد کا بنیادی مقصد مخفی ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے انہوں نے ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کی ہر مرحلے پر بھر پور حوصلہ افزائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔