نیو یارک (مانند نیوز) ٹیکنالوجی کے شعبے میں جاری حالیہ برطرفیوں کے دوران گوگل سے نکالے گئے سات لوگوں نے مل کر اپنی کمپنی قائم کرلی۔
گوگل کے ساتھ سینئر مینیجر کے طور پر کام کرنے والے ایک شخص کو حال ہی میں کمپنی کے لاگت میں کمی کے اقدام کے تحت برطرف کر دیا گیا تھا لیکن ہار ماننے کے بجائے، اس نے اپنی کمپنی قائم کرنے کا انتخاب کیا۔ ہنری کرک نامی اس شخص کو کئی دوسرے ملازمین بھی سپورٹ کر رہے ہیں جنہیں اسی طرح سے فارغ کر دیا گیا تھا۔ ہینری کرک نے گوگل میں آٹھ سال تک کام کیا، وہ ان 12 ہزار ملازمین میں سے ایک تھے جنہیں کمپنی نے نوکری سے نکالا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خود کو اور اپنی ٹیم کو نیویارک اور سان فرانسسکو میں ڈیزائن اور ڈویلپمنٹ سٹوڈیو قائم کرنے کے لیے چھ ہفتے کا وقت دیا ہے۔ ان کا ارادہ ہے کہ مارچ میں برطرفی کے نوٹیفکیشن کے لیے 60 دن کا ٹائم فریم ختم ہونے سے پہلے کمپنی قائم کر لی جائے۔ اپنی ایک لنکڈ ان پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ انہیں گوگل کے چھ سابق ملازمین کا ساتھ حاصل ہے۔
اپنے سٹارٹ اپ میں وہ دوسری کمپنیوں کی ایپس اور ویب سائٹس کے لیے ڈیزائن اور تحقیقی ٹولز پیش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے گوگل کے دیگر ملازمین کو بھی پیشکش کی ہے کہ وہ ان کے اس سفر میں ان کے ساتھی بن سکتے ہیں۔