پشاور(مانند نیوز ڈیسک) رمضان المبارک میں دودھ کے نرخ کم نہ ہوسکے۔شہر بھر میں دودھ 220روپے جبکہ دہی 200روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے جبکہ پنیر کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیاہے۔ہشت نگری، سکندر پورہ، یوسف آباد پل، فقیر آباد، زریاب کالونی، یکہ توت، شیخ آباد، گنج، گلبہار سمیت مختلف مقامات پردودھ فروشوں نے نئی قیمتوں پر دودھ کی فروخت شروع کردی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نرخنامہ پر عمل درآمد سے دودھ فروشوں نے انکار کر دیا ہے۔انتظامی افسران ذخیرہ اندوزوں اور مہنگائی کرنے والے تاجروں اور شیر فروشوں کے سامنے بے بس ہو گئے ہیں۔ 180روپے فی کلو سے دودھ 220روپے جبکہ دہی 170روپے فی کلو سے 200روپے فی کلو کردیا گیا ہے۔دودھ فروشوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ مہنگائی کے باعث ان کا کاروبار بھی بری طور پر متاثر ہو رہا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔