شانگلہ(مانند نیوز)تحریک انصاف کے ترجمان شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے قوم کو بھکاری بنا دیا ہے،حکومت مہنگائی میں اضافہ کرکے غریب عوام کی عزت نفس سے کھیل رہی ہے۔ الیکشن سے فرار حاصل کرنے کیلئے عدلیہ کو تقسیم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔آئین پر عملدرآمد نہ ہوا تو ملک میں فساد برپا ہو جائے گا۔آئین کے تحفظ اور ملک کو بچانے کے لئے پوری قوم کو عدلیہ اور عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ شانگلہ میں آٹا مقامی مسلم لیگی رہنماؤں کے حجروں پر تقسیم کیا جا رہا ہے۔ دس کلو چوکر آٹا دے کر لوگوں کا ضمیر نہیں خریدا جا سکتا گیارہ مہینے کی کارکردگی نے نون لیگ کا صفایا کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز لیلونئی میں ممتاز شخصیت شاہ فاروق خان کی رہائش گاہ پر ان کی اہلیہ،اے این پی شانگلہ کے صدر اعظم خان کی والدہ کی تعزیت کے موقع پر مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحصیل الپوری کے ناظم وقار احمد خان،تحصیل بشام کے ناظم سدید الرحمن، چیئرمین ویلج کونسلز روح الامین خان،محمد خالق خان، سید الابرار خان، حیات الحق اور مظفر خان بھی انکے ہمراہ تھے۔ سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل میں ہے لیکن حکمرانوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں، ان کو تو اقتدار چاہیے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اگر عمران خان کی حکومت سازش کے تحت ختم نہ کی جاتی تو ملک اس قدر بحران میں نہ ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ ن کی حکومت آئی عدلیہ کو کمزور کرنے کی کوششیں کیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو مہنگا ئی کھا گئی ہے۔شوکت یوسفزئی نے شانگلہ کی ضلعی انتظامیہ پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ وہ ایک پارٹی بنتی جارہی ہے۔ مسلم لیگیوں کے حجروں پر آٹا تقسیم کرنے کا کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا۔ یہ آٹا شہباز شریف نے اپنی جیب سے نہیں خریدا بلکہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے خریدا ہوا ہے جس پر تمام لوگوں کا حق ہے مگر یہاں پر صرف پی ڈی ایم کی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو آٹا دیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی انتخابی شیڈول نہیں آیا ہے اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ نے میرے دور کے تمام ترقیاتی کاموں پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ دوسری طرف مخالفین کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ تحریک انصاف کے تحصیل ناظمین سے گاڑیاں اور دفاتر واپس لے لیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوام سیاسی شعور رکھتی ہے ان کو پتہ ہے کہ شانگلہ کے لے کون مخلص ہے۔ صرف انتخابات کے وقت پر کام کرنے والے لوگوں کو عوام پہچان چکی ہے۔ یہی شانگلہ کو پسماندہ رکھنے کے ذمہ دار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شانگلہ میں ترقی کا جو دور شروع ہوا ہے عوام اس کو جاری رکھے گی۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبے میں نگران حکومت برائے نام ہے عملی طور پر پی ڈی ایم مسلط ہے امن و امان اور مہنگائی پر کنٹرول کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے بلکہ مخالفین کو کچلنے اور عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کیلئے ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔ سوشل میڈیا اور سیاسی ورکروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبے میں دو مہینوں میں صرف پوسٹنگ ٹرانسفر ہوتے رہے ہیں مہنگائی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ مڈل کلاس ختم ہو رہا ہے غریب عوام کا جینا مشکل ہو گیا ہے حکومت کی کوئی پالیسی نظر نہیں آ رہی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکمران عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں عمران خان اپنی ذات کیلئے نہیں پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اس لیے پاکستان کی عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے