پشاور(مانند نیوز)خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حامد شاہ نے معاشرے میں آٹزم کے متعلق آگہی پھیلانے کے سلسلے میں حیات آباد پشاور میں منعقدہ آگہی واک میں حصہ لیا. اگہی واک کا اہتمام سنٹر آف ایکسیلنس فار آٹزم، محکمہ سوشل ویلفیئر خیبرپختونخوا کی جانب سے کیا گیا تھا. جس میں محکمہ سوشل ویلفیئر اور فلاحی تنظیموں کے حکام شریک ہوئے۔ اس موقع پر نگران وزیر حامد شاہ نے سنٹر آف ایکسیلنس فار آٹزم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر وردا نے سنٹر کی سرگرمیوں پر صوبائی وزیر کو بریف کر دیا گیا. مہمان خصوصی صوبائی وزیر حامد شاہ نے منعقدہ آگہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹزم کے متعلق خیبرپختونخوا حکومت نے سنجیدہ اقدامات اٹھائے ہیں لیکن اس سلسلے میں عوام، میڈیا اور سول سوسائٹی کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ کمیونٹی کی سطح پر حساسیت پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں. انہوں نے کہا کہ آٹزم سے متاثرہ بچوں کی کارآمد تربیت ممکن ہے اور اس سلسلے میں عالمی سطح پر کئی اہم کامیابیاں بھی حاصل کی جا چکی ہیں.