اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہماری حتمی سیاسی رائے یہ ہے کہ الیکشن ایک ہی دن ہونے چاہئیں، ہم توکہہ رہے تھے کہ دوصوبوں کے الیکشن نہیں ہونے چاہئیں لیکن اب تودوکے بھی نہیں ہورہے ایک کے ہورہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ پارلیمنٹ سمیت تمام ادارے اپنی آئینی حدود پر غور کریں گے اوراس کے مطابق اپنا کردار اداکریں گے۔ ہماری ذاتی دشمنی ان ججز سے بالکل نہیں اورہم بھی سمجھتے ہیں کہ وہ بھی اس معاملہ کو اپنی ذات کا مسئلہ بناکرآگے نہیں بڑھیں گے۔ نئے قانون کے تحت اپیل کے لئے جو لارجر بینچ بنے گااس کا جو فیصلہ ہو گا ہم اسے قبول کریں گے۔ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے اور ملک کو معاشی بحران سے بھی نکالیںگے۔ اگر ہم حکومت نہ لیتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا اورفتنہ خان ملک کو افراتفری اورانارکی کے حوالے کردیتا، آج ملک قائم تو ہے۔ ان خیالات کااظہار رانا ثناء اللہ نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جو سپریم کورٹ کا چار، تین کا فیصلہ ہے وہ کوئی ہماری اختراح نہیںتونہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب بینچ 9سے 7ہواتوان 7میں سے 4ججزنے باقاعدہ اپنا فیصلہ دیا، پہلے انہوں نے مختصر فیصلہ دیا اوراس کے بعد انہوں نے اپنے تفصیلی فیصلے جاری کئے اوراس میںباقاعدہ وجوہات دیں کہ بینچ 7کا ہی ہے اوریہاں تک بھی لکھا کہ ہم اس درخواستوں کو 4/3کی اکثریت سے مستردکرتے ہیں۔ جو دوججز بعد میں پانچ رکنی بینچ میں بھی شامل تھے انہوں نے باقاعدہ طورہ اپنے فیصلوں میں لکھا کہ ہم اپنے برادر ججز کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس توکوئی اختیار نہیں کہ وہ فیصلہ کہ یہ فیصلہ 3/2کا ہے یا4/3کا ہے۔ چارججز کی رائے کو الیکشن کمیشن تونہیں ردکرسکتا، چار ججز نے اپنے فیصلے کو واپس نہیں لیا۔ہم الیکشن کمیشن سے بالکل لڑائی نہیں کریں گے لیکن ہم اپنا مئوقف جسے ہم سمجھتے ہیں کہ وہ آئین اورقانون کے مطابق درست ہے، ہم اپنے مئوقف پر کھڑے رہیں گے اورہم اپنی آئینی اورقانونی لڑائی اورجدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اوراس کو درمیان میں نہیں چھوڑیں گے۔ ہماری حتمی سیاسی رائے یہ ہے کہ الیکشن ایک ہی دن ہونے چاہئیں، ہم توکہہ رہے تھے کہ دوصوبوں کے الیکشن نہیں ہونے چاہئیں لیکن اب تودوکے بھی نہیں ہورہے ایک کے ہورہے ہیں۔ 54فیصد قومی اسمبلی کی نشستیں پنجاب میں ہیں، اگریہ الیکشن ہوجاتا ہے تو پھر دیگر تینوں صوبوں سے جنرل الیکشن چھن جائے گا، جو حکومت پنجاب میں بنے گی بھلے وہ ہماری بنے یا کسی اورکی بنے وہ اگلے الیکشن کے نتائج کو ڈکٹیٹ کرے گی، وہ نہ صرف ملک میں صاف اورشفاف انتخابات کے تصور کو اس مرتبہ بلکہ آنے والے تمام وقتوں کے لئے اس کو بری طرح متاثر کرے گی، ہم اس عدم توازن کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔رانا ثناء اللہ نے کہاکہ ایک آدمی جس نے تکبر، اپنی انااوراپنی جھوٹی زد کی خاطریہ اسمبلیاں توڑی ہیں اس کو کوئی وزن نہ دیا جائے اورالیکشن ایک ہی وقت میں ہوں۔ ابھی قانون سازی ہوئی ہے اس کے تحت ازخودنوٹس کے کیسز میں فیصلے کے خلاف اپیل کاحق دیا گیا ہے،ہمارے پاس یہ راست ہے اور ہم اپیل میں جائیں گے اوراس اپیل میں ہمیں فل بینچ بھی مل سکتا ہے اورلارجر بینچ توخیر ملے گا ہی۔ ہم لارجر بینچ کے سامنے اپنا مقدمہ رکھیں گے اوراس میں پھر جو فیصلہ ہو گااس فیصلے کو تسلیم کریں گے۔انہوںنے کہا کہ اگر سپریم کورٹ پارلیمنٹ کااختیار تسلیم کرنے سے انکارکردے گی تو پھر کیا پارلیمنٹ اتنی کمزور ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے اس ایکٹ کے جواب میں کوئی عمل اختیار نہیں کرے گی تو پھرہم سے جو ہوسکا ہم وہ کریں گے۔ سپریم کورٹ نے آکرخودتوالیکشن نہیں کروانے، سپریم کورٹ کے پاس کون سی طاقت ہے کہ وہ الیکشن کروالے گی۔ سپریم کورٹ کو اختیار ہی حاصل نہیںکہ وہ پارلیمنٹ کے بنائے قانون کو اٹھا کر باہر پھینک دے۔