پشاور(مانند نیوز) گورنر سے ملک سعد میموریل ٹرسٹ کے عہدیداروں اور سابق صوبائی وزیرشہزادہ گستاسپ کی بھی الگ الگ ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے کہاہے کہ حکومت نے صوبے کے ہرضلع میں بی ایچ یوز بنائے ہیں لیکن کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود عوام کو فائدہ نہیں پہنچ رہا،محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ ذمہ داران کو چاہئیے کہ پرائمری ہیلتھ کیئر ہسپتالوں کو عوام کی خدمت کیلئے فعال بنائے کیونکہ کسی بھی مرض کی تشخیص کیلئے پرائمری ہیلتھ کیئر نظام انتہائی اہمیت اورتوجہ کا حامل ہے۔انہوں نے یہ بات ذیابیطس ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے نمائندہ وفدنے گورنرہاوس میں ملاقات کے دوران کی۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹرطفیل محمد، ایگزیکٹیو ممبر پروفیسر مصطفی اقبال، ایازمجاہد، عبدالسلام عارف، اصغرعارف، محمدعدیل اورڈاکٹر وصال شامل تھے۔ وفد نے گورنر کو ایسوسی ایشن کے قیام کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ صوبہ بھر میں 25 لاکھ کے قریب انسان شوگرکاشکارہے اور ذیابیطس مرض بڑھنے سے مریضوں کی تعداد بھی دن بدن زیادہ ہورہی ہے۔ وفد نے بتایاکہ ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبہ بھر میں ذیابیطس کے مریضوں کا مفت علاج کیاجاتاہے۔ ایسوسی ایشن اپنے وسائل مخیر حضرات کی جانب سے زکواۃ، خیرات، عطیات کی شکل میں فنڈزپیداکرتے ہیں۔ وفد نے گورنر کو ذیابیطس سمیت دیگر امراض پرقابو پانے کیلئے پرائمری ہیلتھ کیئر نظام کو مضبوط بنانے کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ زیادہ تربیماریوں کی وقت پر تشخیص صوبہ بھر میں پرائمری ہیلتھ کیئر ہسپتالوں کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔وفد نے گورنر کو حکومت کی جانب سے ذیابیطس مریضوں کیلئے فری انسولین کی سہولت دوبارہ شروع کرنے کی بھی درخواست کی اورکہاکہ حکومت کی جانب سے ذیابیطس مریضوں کیلئے فری انسولین فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کیاگیاتھا جوکہ ایک دوسال سے زیادہ نہیں چل سکا،لہذاذیابیطس مریضوں کے دن بدن بڑھتی ہوئی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے فری انسولین کی فراہمی دوبارہ شروع کی جائے۔