سوات(مانند نیوز)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان کی زیرِ صدارت ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کی طرف سے موسم گرما کے دوران مون سون بارشوں کے لئے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع سے انتظامی اور ریلیف آفیسرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ سیکرٹری ٹو کمشنر ملاکنڈ محمد علی خان اوررپورٹنگ آفیسر پی ڈی ایم اے ملاکنڈ ڈویژن سلمان احمد کمشنر آفس سیدو شریف میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں موسم گرما کے دوران مون سون بارشوں اور برف یا گلیشیر پگھلنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی کرنے، ٹیموں کی تیاریوں اوروسائل و مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں عوام اداروں کی طرف دیکھتے ہیں اور ایسے میں ایک بہترین منصوبہ بندی ہی اداروں کو بہتر کردار ادا کرنے میں مدد دیتی ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کو اس سلسلے میں بھرپور منصوبہ بندی کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے حقیقی اعداد و شمار پر مبنی پلان متعلقہ فورمز کو بھیجے جائیں۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کامزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لئے ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جسں کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لئے اداروں کو بھرپور منصوبہ بندی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناگہانی صورت حال کے دوران عوام غلط اور بغیر تصدیق شدہ افواہیں پھیلانے سے گریز کریں اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ اس ضمن میں مربوط لائحہ عمل اپنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کریں اور عوام صرف اور صرف متعلقہ ہ اداروں کیطرف سے فراہم کی گئی معلومات پر یقین کرے۔صحیح معلومات کی بروقت فراہمی نقصان سے بچنے میں مدد گار ہوتی ہے اور ایسے میں تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ابتدائی انتباہی نظام کو فعال بنانے کی ضروت ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے رواں سال موسم سرما میں بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کیوجہ سے لینڈ سلائیڈنگ اور گلاف کیوجہ سے سڑکوں کی بندش کے پیش نظر جامع منصوبہ بندی اپنانے کیلئے متعلقہ انتظامیہ ہر وقت چوکس رہے اور بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جا سکے اور قیمتی جانوں اور املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے متعلقہ انتظامیہ کو ضروری سامان کی ترسیل کیلئے جامع حکمت عملی اپنانے اور ڈی واٹرنگ پمپ کی دستیابی یقینی بنانے پر زور دیا۔ آخر میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے تمام متعلقہ افیسران کو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ہنگامی منصوبہ بندی کی انجام دہی اور مستقل بنیادوں پر فرضی مشق کرانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔