کوہاٹ (مانند نیوز)ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کوہاٹ کی سفارشات پر چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کوہاٹ نے کچرا اٹھانے والے بچوں کے خلاف ریسکیو آپریشن کیا۔ اس آپریشن میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ سمیت محکمہ پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، افغان کمشنریٹ اور متعدد این جی اوز انٹیگریٹڈ ریجنل سپورٹ پروگرام، سینٹر آف ایکسیلنس فار رورل ڈویلپمنٹ، سرحد رورل سپورٹ پروگرام، سوسائٹی فار ہیومن رائٹس اینڈ پرزنرز ایڈ،و مسلم ہینڈ نے حصہ لیا۔ مجموعی طور پر 51 بچے بازیاب ہوئے اور انہیں نفسیاتی مشاورت کیلئے ویلفیئر ہوم کوہاٹ منتقل کر دیا گیا جہاں تمام بچوں کے خون کے نمونے ایچ بی ایس، ایچ سی وی، اور ایچ آئی وی جیسی متعدد بیماریوں کی جانچ کیلئے لئے گئے۔ مزید برآں افغان کمیونٹی کے عمائدین اور چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیوں کے ممبران کو بھی مدعو کیا گیا اور انہیں کچرا اٹھانے کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔ عمائدین نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہریار قمر سے بھی ملاقات کی اور افغان بچوں سے متعلق اہم ترین مسائل پر طویل گفتگو کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہریار قمر نے ان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ان کی شکایات کے ازالے کیلئے متعلقہ حکام کا اجلاس بلایا۔ آخر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے بچوں میں تفریحی کیٹس تقسیم کیں جبکہ بچائے گئے بچوں کیلئے انٹیگریٹڈ ریجنل سپورٹ پروگرام نے دوپہر کے کھانے کا انتظام بھی کیا تھا۔ بعد ازاں چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کے ذریعے بچوں کو ان کے خاندانوں کے حوالے کیا گیا۔