ایبٹ آباد(مانند نیوز) اسلام کوٹ میر پور میں سابق تحصیل ممبر ملک حاجی سلطان اعوان کی رہائش گاہ پر ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دس ماہ سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے پانی کی موٹر جل جانے کے باعث علاقہ میں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی، متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو بھی دیگر مسائل سمیت اس مسئلہ سے بھی آگاہ کیا گیا ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، 40 ہزار سے زائد آبادی کو پانی فراہم کرنے والا ٹینک بھی پہاڑوں پر بلاسٹنگ کرنے والوں نے ارد گرد سے کھدائی کر کے ہوا میں معلق کر دیا ہے جو کسی بھی وقت زمین بوس ہو سکتا ہے واٹر سپلائی کے لئے تنصیب شدہ الیکٹرک موٹرز بھی جلی ہوئی ہیں جن کو فوری بحال کرنا ازحد ضروری ہے، محکمہ نے اس حوالے سے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے جبکہ ستم یہ ہے کہ سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کے احکامات کو بھی کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے ردی کی ٹوکری کی نذر ر دیا گیا ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر جلد اس جانب توجہ نہ دی گئی تو عوام راست اقدام پر مجبور ہونگے۔