پشاور(مانند نیوز ) غیر سرکاری تنظیم لیبر ایجوکیشن آرگنائزیشن مردان کے زیر اہتمام ما ئیگرنٹ ریسورس سنٹر کے تعاون سیانسانی سمگلنگ اور غیر قانونی مائیگریشن کے حوالہ سے آگاہی سیمینار تحصیل کاٹلنگ مردان میں منعقد ہوا۔ آگاہی سیمینار میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی، ما ئیگرنٹ ریسورس سنٹر کے تحسین اللہ اور لیبر ایجوکيشن کے حسن حسا س نے انسانی سمگلنگ کے حوالہ سے قوانین، اس کی روک تھام اور آگاہی کے حوالہ سے پریزنٹیشن دی۔ جس میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی مائیگریشن ایک بڑا مسئلہ ہے۔ جعلی ٹریول ایجنٹس اور ایجوکیشن کنسلٹنٹس کس طرح سادہ لوح لوگوں کو استعمال کرتے ہیں اور انہیں غیر قانونی مائیگریشن کی طرف راغب کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالہ سے عوام کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ جعلی ٹریول ایجنٹس اور ایجوکیشن کنسلٹنٹس سے محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ سے جہاں ایک طرف بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہورہی ہے، وہاں دوسری طرف غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والے اکثر پاکستانی نوجوان اپنی قیمتی جان گنوا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کے خواہشمند پاکستانی نوجوانوں میں سے صرف 2 فیصد خوش نصیب نوجوان ہی اپنی منزل تک پہنچنے میں کامیاب ہوپاتے ہیں جبکہ باقی 98 فیصد پاکستانی یا تو سمندری لہروں کا شکار ہوجاتے ہیں یا پھر گرفتار کرکے پاکستان ڈی پورٹ کردیئے جاتے ہیں۔ اس سلسلہ میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ جعلی ٹریول ایجنٹس اور ایجوکیشن کنسلٹنٹس کے جھانسے میں نہ آئیں۔