حافظ آباد(مانند نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام سے خوفزدہ حکمران الیکشن میں تاخیر چاہتے ہیں۔ عدالتوں اور اداروں کے بارے میں شکایتیں لگانے والے بتائیں انہیں ٹھیک کرنا کس کا کام تھا، جنہیں ایک بار نہیں بار باراقتدار ملا انہوں نے عدالتوں، اداروں، تھانوں، پٹوار خانوں، زراعت، صنعت، تعلیم، صحت کو ٹھیک کیوں نہیں کیا۔ خزانہ اور توشہ خانہ لوٹنے والوں کا بلاامتیاز احتساب چاہتے ہیں۔ ملک مہنگائی اور بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے، باجوڑ میں درجنوں بے قصوروں کو شہید کردیا گیا، بہاولپور میں والدین سینہ کوبی کررہے ہیں کہ ان کی بچیاں تعلیمی اداروں میں محفوظ نہیں، یونیورسٹیاں، کالجز نشہ اور بلیک میلنگ کے اڈے بن گئے، لاہور کے ہسپتال میں معصوم بچی بے ہوش پڑی ہے، اس کی ہڈیاں توڑ دی گئیں، بلوچستان میں بدامنی عروج پر تو سندھ میں ڈاکوراج ہے، اس سب کا ذمہ دار حکمران طبقہ ہے۔ قوم کے پاس واحد راستہ ووٹ کے ذریعے اسلامی انقلاب کی صورت میں بچا ہے، عدل و انصاف کی حکمرانی، بے لاگ احتساب اور سودی معیشت سے سے نجات کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حافظ آباد میں جلسہ عام اور لالہ موسیٰ گجرات میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر خواتین کے حق وراثت کو یقینی بنائے گی، الیکشن میں حصہ لینے کے لیے گھر کی خواتین کی طرف سے حق وراثت دینے کا سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا جائے گا، خواتین کے لیے الگ یونیورسٹیاں بنائیں گے، ان کی عزت و ناموس کے تحفظ کے لیے سخت قوانین اور ان پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، بچیوں کے الگ اور محفوظ پارک بنائیں گے، بزرگ خواتین اور بیواؤں کی ریاست کفالت کرے گی، تعلیم اور صحت کی مفت سہولیات دیں گے، بچیوں کی تعلیم لازمی قرار دی جائے گی۔ کنونشن میں امیرجماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم،مرکزی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین دردانہ صدیقی،ناظمہ صوبہ ثمینہ احسان،امیرضلع چوہدری انصرمحمود دھول سید ضیاء اللہ شاہ، سید حیدر احسان نے بھی شرکت کی۔ حافظ آباد جلسہ عام سے امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر ضلع قاسم تارڑ نے بھی خطاب کیا۔ خواتین، بزرگوں اور دیگر عوام کی کثیر تعداد نے جلسہ میں شرکت کی۔ سراج الحق نے کہا کہ معیشت کی تباہی سودی نظام کی وجہ سے ہے جو انگریز کے دور سے چلا آرہا ہے، عدالتوں میں بھی انگریز کا نظام ہے۔ سود اللہ سے جنگ ہے، آئین پاکستان، اسلامی نظریاتی کونسل، وفاقی شرعی عدالت نے سود کو حرام قرار دیا ہے مگر پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور جرنیلوں کی حکومتوں میں سود جاری رہا، جماعت اسلامی اقتدار میں آکر سب سے پہلا وار سودی نظام پر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں قرآن کا نظام نافذ کریں گے۔ نوجوانوں کو روزگار دیں گے، انہیں سرکاری زرعی زمینیں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر چند خاندان مسلط ہیں جو چاہتیہیں کہ عوام ان کے بعد ان کے بیٹوں، پوتوں اور نواسوں کو بھی اقتدار میں لائیں، یہ سب استعمار کے وفادار ہیں، انہوں نے ملک کے جغرافیے اور نظریے سے غداری کی۔ انہوں نے قوم کو مسالک، صوبائیت اور دیگر تعصبات پر تقسیم کررکھا ہے، ان ظالموں اور لٹیروں کا کوئی ادارہ احتساب نہیں کرسکا، عوام ووٹ سے ان کا احتساب کریں، ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شراکت داری ہے، یزید کا ساتھ دینے والے آخرت میں حسین کے ساتھی نہیں بن سکتے۔ خواتین کا سب سے بڑا جہاد یہ ہوگا کہ وہ ووٹ سے فرسودہ نظام کو بدلنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جن کے نام پانامہ لیکس، پنڈورا پیپرز میں آئے، جنہوں نے قومی خزانہ اور توشہ خانہ پر ہاتھ صاف کیا انہیں دوبارہ موقع دینا جہالت اور خودکشی ہوگی۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے