لاہور (مانند نیوز ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے چودھرری پرویز الہٰی سے جیل میں اہلیہ کی ملاقات کی درخواست پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ شوہر سے بیوی کی ملاقات سے ریاست کو کیا خطرہ ہے، درخواست گزار چودھری پرویز الہٰی کی بیوی ہے، اس کا تو خیال کریں۔لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعلی پنجاب چودھرری پرویز الہٰی سے جیل میں اہلیہ کی ملاقات کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے قیصرہ الہٰی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج (منگل کو) جواب طلب کر لیا۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کو نظر بند کرنے کا اختیار ہے اور ریاست ہی کا قانون ہے کہ رشتے داروں کو ملاقات کی اجازت ہے۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے پنجاب حکومت کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا کہ شوہر سے بیوی کی ملاقات سے ریاست کو کیا خطرہ ہے، آپ کا کیا خیال ہے؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ وہ باقاعدہ کوئی درخواست تو دیں، انہوں نے اپلائی ہی نہیں کیا، نہ رشتے داروں کی فہرست دی ہے۔ فاضل جج نے کہا کہ درخواست گزار چودھری پرویز الہٰی کی بیوی ہے، اس کا تو خیال کریں، یہ درخواست چیف سیکریٹری کو بھیج دیتے ہیں وہ خود فیصلہ کرلیں گے کسے بھیجنی ہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ وہ اتھارٹی نہیں ہیں۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے کہا کہ تو پھرآج (منگل) کے لیے نوٹس کر دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ درخواست گزار قیصرہ الہی نے شوہر سے ملاقات کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔