کوہاٹ (مانند نیوز)ملک کے دوسرے حصوں کی طرح کوہاٹ میں بھی 76 ویں یوم آزادی تزک و احتشام اور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں ریجنل و ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس کوہاٹ نے ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کے تعاون سے بھی روایتی پروگراموں کے ساتھ ساتھ جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کر کے جشن آزادی کے تقریبات کو چار چاند لگا دئیے۔ریجنل و ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کوہاٹ ساجد آفریدی کی زیر نگرانی جشن آزادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز 13 اگست کی رات 12 بجے کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں آتش بازی سے ہوا جس میں حب الوطنی کے جذبے سے سرشار متوالوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اسی طرح 14 اگست کو ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ میں قیدیوں کیلئے اس دن کے مناسبت سے خصوصی پروگرام کے علاوہ مختلف ایونٹس جن میں فٹ بال، بیڈمنٹن، والی بال،ایتھلیٹکس،مین آرچری، ویمن آرچری، رسہ کشی اور میوزیکل چیئر کے گیمز شامل تھے، کے مقابلوں کابھی انعقاد کیا۔فٹ بال اور بیڈمنٹن کے میچ کوہاٹ، ایتھلیٹکس 800 میٹر دوڑ ارشد، مین آرچری عبدالغفار، ویمن آرچری عریبہ جبکہ رسہ کشی کا مقابلہ ضلعی انتظامیہ نے کوہاٹ پولیس کو ہرا کر جیت لیا۔سپورٹس فیسٹیول کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹرعظمت اللہ وزیر جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ فرحان خان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز شہر یار قمر اور رینا سہروردی گیسٹس آف آنر تھے۔مہمانان گرامی نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ناروے کے خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کو ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا کی جانب سے کیش انعامات بھی دئیے گئے۔ریجنل سپورٹس آفیسر ساجد آفریدی نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس فورس کے شریک تمام افسران کو اعزازی شیلڈز دئیے۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے کامیاب جشن آزادی سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد پر ساجد آفریدی کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ایسے اہم موقعوں پر اپنا کردار ادا کریں گے۔