پشاور(مانند نیوز) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کا ہنگامی اجلاس ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی محمد اقبال کی صدارت میں ایسوسی ایشن کے آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کی فلور ملوں کے مالکان نے شرکت کی جس میں بجلی کے بلوں میں حالیہ اضافہ کے باعث فلور ملز انڈسٹری اور مہنگائی سے ستائی ہوئی عوام میں غم و غصے پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ حالیہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 50 سے 100 روپے بڑھ جائے گی اور مہنگائی سے متاثرہ عوام کی دسترس سے یہ بنیادی اشیاء خوراک بھی نکل جائے گی۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی محمد اقبال نے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی طرف سے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے اپیل کی ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پرواپس لیا جائے بصورت دیگر زبوں حالی کا شکار خیبر پختونخوا کی فلور ملز انڈسٹری مکمل طور پر بند ہوجائے گی جس کی وجہ سے لاکھوں مزدور بیروزگار ہوجائیں گے۔