کرک(مانند نیوز) خوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک کے فزکس ڈیپارٹمنٹ نے اپنی لیبارٹری میں جدید ترین الٹرا وائلٹ ویزیبل سپیکٹرو فوٹومیٹر کی تنصیب کو یقینی بنایا ہے۔ یہ جدید آلہ خاص طور پر مائع اور ٹھوس مواد کی نظری خصوصیات کی چھان بین کے دائرے سمیت یونیورسٹی کئی تحقیقی صلاحیتوں کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔اس ضمن میں خوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک کے شعبہ فزکس کے سربراہ ڈاکٹر عبدالحکیم شاہ نے بتایا کہ ادارے کی سائنسی تحقیقوں کو آگے بڑھانے میں یہ آلہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ روشنی اور مادے کے درمیان تعامل کے عین مطابق تجزیہ کو قابل بنا کر محققین کو مواد کی پیچیدہ خصوصیات کو جانچنے میں مدد فراہم کرے گا۔ڈاکٹر شاہ نے کہا کہ اس جدید ترین آلے کا حصول یونیورسٹی کے لیے تحقیق کے بنیادی ڈھانچے میں ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ الٹرا وائلٹ ویزیبل سپیکٹرو فوٹومیٹر سے نہ صرف فزکس ڈیپارٹمنٹ کے فیکلٹی ممبران اور طلباء کو فائدہ پہنچے گا بلکہ یہ یونیورسٹی کے اندر دیگر مضامین کے محقیقین کے لیے ایک قیمتی وسیلہ ثابت ہو گا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے جنوبی علاقوں کی یونیورسٹیوں کے محققین کے لیے اس کے تجارتی استعمال کی رائے دی۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے حیات آباد کیمپس پشاور کی فزکس لیبارٹری میں اس کی تنصیب کے بعد کرک میں یہ دوسری الٹرا وائلٹ ویزیبل سپیکٹرو فوٹومیٹر کی تنصیب ہے۔ ڈاکٹر شاہ نے خوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک کے سائنسی ریسرچ کے کلچر کو فروغ دینے کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کوشش کو پورا کرنے میں یونیورسٹی انتظامیہ اور متعلقہ افراد کا تعاون انہیں حاصل رہا۔ڈاکٹر شاہ کے مطابق اب تعلیمی برادری الٹرا وائلٹ ویزیبل سپیکٹرو فوٹومیٹر سے ملنے والے مواقع سے مستفید ہوگی اسکے ساتھ طبیعیات کا شعبہ جدید تحقیق، دریافتوں اور سائنسی منظر نامے میں بھی ترقی کریگا۔ ڈاکٹر شاہ نے بتایا کہ الٹرا وائلٹ ویزیبل سپیکٹرو فوٹومیٹر مائع شکل کے چار طریقوں جیسے ترسیل، جذب، توانائی اور عکاسی میں ٹیسٹ کر سکتا ہے ۔