پشاور(مانند نیوز)خیبر پختون خوا کے نگراں وزیر کھیل، امور نوجوانان اور سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ مروت نے کہا ہے کہ سپورٹس جرنلسٹس کی استعداد کار بہتر بنانے کے اقدامات لائق ستائش ہیں ان اقدامات سے جہاں فیک نیوز پر قابو پانے کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا وہیں کم عمر سپورٹس جرنلسٹس اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف کھیلوں کی ترقی و فروغ بلکہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے نمایاں خدمات انجام دے سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختون خوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گیارہ رکنی نوجوان سپورٹس جرنلسٹس کے دفد کے اراکین میں ائیر ٹکٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ضم ضم اضلاع کے ڈائریکٹر سپورٹس پیر عبداللہ شاہ، پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک، خیبر پختون خوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عاصم شیراز، سیکرٹری شاہد آفریدی اور ممبران کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ آذربائیجان سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی دعوت پر پاکستان کے نوجوان سپورٹس جرنلسٹس ایک ہفتے کا تربیتی دورہ کریں گے جس کے دوران انہیں ڈیجیٹل سپورٹس جرنلزم ٹریننگ پروگرام میں شرکت کے علاوہ کھیلوں کے مختلف مقامات کا دورہ کروایا جائے گا۔ دورے کا اہتمام پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن نے کیا ہے۔ صوبائی نگراں وزیر کھیل، امور نوجوانان اور سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ مروت کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ کھیلوں کے ذریعہ ہم دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کر سکتے ہیں اور خاص طور پر پشاور اور خیبر پختون خوا کے بارے میں منفی تاثر کو ختم کرنے میں کھیل اور کھلاڑیوں کے علاوہ سپورٹس جرنلسٹس قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ڈاکٹر نجیب اللہ مروت نے سپورٹس جرنلسٹس پر زور دیا کہ وہ خدمات کی انجام دہی میں عزم اور لگن کو مد نظر رکھیں جو انہیں کامیابی سے ہمکنار کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ نگران صوبائی وزیر نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ خیبر پختون خوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے تعاون سے سپورٹس جرنلسٹس کا وفد آذربائیجان کا دورہ کر رہا ہے انہوں نے وفد کے اراکین پر زور دیا کہ وہ پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرنے کے لئے ڈسپلن کو مدنظر رکھیں۔ تقریب سے خطاب میں ضم اضلاع علاقوں کے ڈائریکٹر سپورٹس پیر عبداللہ شاہ نے کہا کہ ضم شدہ علاقوں میں کھیلوں کی سہولتوں کی فراہمی ممکن بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جسے اجاگر کرنے میں سپورٹس جرنلسٹس قابل ذکر کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی نہ صرف قومی ٹیمون میں شامل ہیں بلکہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے سپورٹس جرنلسٹس کے دورہ آذربائیجان کو حوصکہ افزاء قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کم عمر سپورٹس جرنلسٹس اس دورے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک کا کہنا تھا کہ ہمارے سپورٹس جرنلسٹس صوبے بھر میں کھیلوں کے فروغ میں قابل فخر کردار ادا کر رہے ہیں اور پشاور پریس کلب رپورٹرز کی استعداد کار بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ انہوں نے غیر ملکی دورے کا اہتمام کرنے پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔ خیبر پختون خوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عاصم شیرازنے بتایا کہ سپورٹس رائٹرز کے لئے مختلف پروگرام ترتیب دئیٹے جاتے ہیں اور گذشتہ برس کم عمر رپورٹرز کے ٹریننگ پروگرام کے بعد پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ایک ایم او یو پر دستخط کئے گئے تھے جس کے تحت دونوں ملکوں کے سپورٹس جرنلسٹس کو ایک دوسرے کے ممالک بھیجا جائے گا تاکہ انہیں بین الاقوامی تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے اراکین کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے مستتقبل میں بھی غیر ملکی دوروں میں وفود بھیجنے کا اعلان کیا۔