پشاور( مانند نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کی سابق خاتون ایم پی اے شاہدہ وحید نے کہا ہے کہ سیاسی اور انتخابی عمل میں خواتین کی مکمل اور مساوی شرکت خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کی نشاندہی کرتی ہے، جب خواتین ووٹر، امیدوار، انتخابی منتظم یا پارٹی کی حامی کے طور پر انتخابات میں حصہ لیتی ہیں توسیاسی عمل زیادہ جامع ہوجاتا ہے اور جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں ساؤتھ ایشیا پارٹنرشب پاکستان کے جذبہ پروگرام کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،پروگرام میں وویمن لیڈرز گروپ، کونسلر، وویمن ووٹر نیٹ ورک، یوتھ گروپ، جذبہ ضلع فورم کے ممبران اور مختلف سیاسی جماعتوں کے خواتین کارکنوں نے شرکت کی،پروگرام سے اپنے خطاب میں ساؤتھ ایشیا پارٹنرشب پاکستان کے پروگرام جذبہ کے لوکل ریسورس پرسن نصرت آرا نے کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے اور سیاست میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ مختلف سٹڈیز سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیاست میں خواتین کی تعداد جتنی زیادہ ہو، وہ خواتین کے خلاف ہراسیت اور صنفی برابری کی بنیادی شرط کی تکمیل پر اتنی زوردار طریقے سے آواز بلند ہوتی ہے۔ فیصلہ سازی میں جیسے جیسے خواتین کی نمائندگی بڑھتی جاتی ہے، خواتین پر سیاسی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت بڑی تبدیلی لاسکتی ہے، خواتین معاشرے میں سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے طبقہ ہے، خواتین آبادی کو اپنے بہتر مستقبل کے لئے درست سیاسی فیصلے کرنے ہوں گے