مظفرآباد(مانند نیوز ڈیسک) اسلامی جمعیت طلبہ آزاد کشمیر شعبہ طالبات کی سیکرٹری اطلاعات عائشہ اسلام نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں مضمر ہے۔ ملک سے سودی نظام کا خاتمہ کر کے ہی قوم کو مہنگائی اور دیگر مسائل سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔اسلام سے دوری ہماری مسائل اور آزمائشوں کی اصل وجہ ہے۔ قوم ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے آواز بلند کرے۔ سودی نظام نے ملک اور قوم کو جکڑ رکھا ہے۔ سودی نظام اللہ تعالیٰ سے جنگ کے مترادف ہے۔ حکومت پاکستان مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخ کا بدترین اضافہ قوم کے ساتھ ظلم ہے جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا اس وقت پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ اسلام کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیااس ملک کے تمام مسائل کا حل صرف اور صرف اسلامی نظام کے نفاذ میں ہی مضمر ہے۔ پاکستان کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ برسر اقتدار رہنے والوں نے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کو نعرے کے طور پر استعمال کیا اور ملک میں حقیقی معنوں میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے کبھی کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا۔ پاکستان میں عوام کی غربت کی اصل وجہ سودی نظام ہے جس نے معاشی نظام کو جکڑ رکھا ہے اور دولت سمٹ کر مخصوص طبقہ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ملک میں اسلامی بینکاری کے نام پر قوم سے بدترین فراڈ کیا جا رہا ہے۔ سودی نظام کو اسلامی نظام بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔