پشاور(مانند نیوز) حکومت پاکستان اور وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی ہدایت پرٹیسکو فاٹا سرکل میں بجلی چوروں، نادہندگان اور ان کی معاونت کرنے والی کالی بھیڑوں کیخلاف کاروائیاں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے زوروشور سے جاری ہے۔اب تک کے کاروائیوں میں ٹیسکو ٹیموں نے قبائلی اضلاع خیبر، مہمند، شمالی وزیرستان اور باجوڑمیں مختلف مقامات پر بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 199غیر قانونی بجلی کنکشن پکڑ لئے،متعلقہ صارفین کو 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد یونٹ چارج کیے گئے۔ جن کا جرمانہ 37 لاکھ48 ہزار سے زائد بنتا ہے۔ اس کے علاوہ قانونی کاروائی کے لئے متعلقہ افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر کے اندراج کے لئے بھی درخواستیں دے دی گئی ہیں۔نیزنادہندگان سے تقریبا2کروڑ52 لاکھ 60 ہزار بھی وصول کئے گئے۔ چیف ایکزیکٹو قاضی محمد طاہرنے ٹاسک فورس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم نے مل کر ان ملک دشمن عناصر کو ٹیسکو ریجن سے ہر صورت خاتمہ کرنا ہے۔ کیونکہ جو بل ادا کرتے ہیں بجلی کا حصول بھی انہیں کا حق ہے۔ ٹیسکو چیف نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ اس قومی مہم میں ٹیسکو کا ساتھ دیں اور بجلی چوری کی اطلاع ٹیسکو مرکزی کمپلینٹ سنٹر کے نمبرز118، 9331167-091، 9330600-091، 9212730 – 091 اور 9331291 – 091 پر دیں تا کہ بر وقت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے بجلی چوروں کے خلاف بھر پور کاروائی کی جائے۔