پشاور(مانند نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات بارے اعلان خوش آئند ہے۔جمہوری لوگ ہیں، الیکشن کمیشن ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچے نہ بھگائیں۔ الیکشن کمیشن جنوری کا آخری ہفتہ چھوڑیں، برائے کرم تاریخ دے دیں۔ جس طرح کا اعلان ہوا ہے، ابھی سے کہتے ہیں کہ جنوری کے آخر میں انتخابات نہیں ہوں گے۔ تہکال پایان میں پی کے 77 کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ 2013 اور میں ہمیں دہشتگردوں کی بدولت انتخابی مہم تک چلانے نہیں دی گئی۔ پچھلے انتخابات میں آر ٹی ایس بٹھا کر مخصوص لوگوں کو مسلط کیا گیا۔ قوم کی نمائندگی کے نام پر جعلی لوگوں کو اسمبلیوں میں پہنچایا گیا۔ 2008 میں سخت حالات کے باجود اے این پی نے پشاور کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔پی ٹی آئی نے اپنے 9 سالہ دور اقتدار میں پشاور کو مزید دس سال پیچھے دھکیلا۔ ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ پنجاب کے میٹرو بس کو جنگلا بس سروس کہنے والوں نے بی آر ٹی کینام پر پشاور کا حلیہ بگاڑا۔ میٹرو تیس ارب سے بھی کم میں بنائی گئی تھی، بی آر ٹی پر سو ارب سے زیادہ لگائے گئے۔ دنیا جانتی ہے کہ بی آر ٹی کو پی ٹی آئی کے الیکشن کیمپین کے خرچے نکالنے کیلئے بنایا گیا تھا۔ بی آر ٹی کرپشن کے 32 ارب روپے پرویز خٹک اور انکے ساتھیوں نے دوبئی میں وصول کئے تھے۔ یہ رقم دوبئی سے امریکہ ٹرانسفر کی گئی اور فارن فنڈنگ میں پی ٹی آئی اکاؤنٹس میں جمع کرائی گئی۔ صوبائی صدر ایمل ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ پرویز خٹک آج دوبارہ حکومت کی لالچ میں عمران خان کو گالیاں دے رہا ہے۔ بدلے میں پرویز خٹک اور اسکے ساتھیوں کوکرپشن کیسز ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ اے این پی سمجھتی ہے کہ پختونوں کاسب سے بڑا مسئلہ وسائل اور اس پر اختیار کا ہے۔ پختونوں کے وسائل اور اس پر اختیار کے خلاف اے این پی کے علاوہ سب ایک پیج پر ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ لوگ قوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے جو دہشتگردوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔ 9 سالہ دور اقتدار میں پی ٹی آئی نے پختونخوا کو 900 ارب سے زائد کا قرضدار کیا۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ 900 ارب کا یہ قرضہ صوبے میں کہاں لگایا گیا؟۔ جب ہم پختونوں کے حق کی بات کرتے ہیں تو ہم پر طرح طرح کے فتوے اور الزامات لگتے ہیں۔ پختون میں شعور آجائے تو نہ تبدیلی کے نام پر دھوکہ ہوں گے اور نہ مذہب کے نام پر۔ اقتدار کیلئے نہ کبھی قوم کا سودا کیا ہے، نہ کریں گے اور نہ کسی کو سودا کرنے دینگے۔ توقع کرتے ہیں کہ انتخابات میں مزید جمہوریت اور ہمارا راستہ نہیں روکا جائے گا۔ورکرز کنونشن سے امیدوار این اے 32 حاجی غلام احمد بلور اور امیدوار پی کے 77 یاسین خلیل نے بھی خطاب کیا۔