بٹ خیلہ (مانند نیوز)ڈینگی مچھروں اور انکی افزائش کی بروقت روک تھام سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز فورس شہاب محمدخان کے زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں موسم سرما کے دوران ڈینگی مچھروں کی روک تھام سے متعلقہ اقدامات اور طریقہ کار پر غور خوض کیا گیا۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اور دیگر متعلقہ نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈینگی مچھروں کے خطرات سے بچاؤ کے لیے کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کے افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و نمائندوں کو ہد ایت کی گئی کہ وہ عوام میں آگہی مہم چلائیں۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ڈینگی کا موسم شروع ہونے سے پہلے اس کے انڈے اور لاروہ کو تلف کرنے پر بھر پور توجہ دیں تاہم اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈینگی سے بروقت نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔اجلاس میں ٹی ایم ایز کو ہدایت کی گئی کہ وہ بروقت اپنے اپنے علاقوں میں مچھر مار سپرے کرنے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو یہ بھی ہدایت کی کہ نکاسی آب اور نالیوں وغیر ہ کی صفائی کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات اُٹھائیں۔