چترال لوئر(مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر /ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ چترال لوئر محمد علی خان کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر / سب ڈویژنل مجسٹریٹ ہیڈکوارٹرز ڈاکٹر محمد عاطف جالب نے چترال بازار میں ہول سیل کی دکانوں، ہوٹلوں، بیکریز، تندوروں اور پولٹری شاپس کے معائنے کئے۔ دوران معائنہ ناقص صفائی، گراں فروشی اور غیر معیاری و زائدالمیعاد اشیاء ضبط کر کے متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ متعدد دکانداروں کو خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ کردیا گیا۔ اس کے علاوہ بیکریز اور ہوٹلوں میں ناقص صفائی پر ہوٹل مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ تمام ہوٹلوں، پولٹری شاپس، تندوروں اور بیکرز کو متعدد بار تنبیہات دی گئی تھیں کہ وہ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور دکانداروں کو بھی واضح کیا گیا تھا کہ وہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو سرکاری نرخنامے کے مطابق یقینی بنائیں۔اشیاء کی میعاد پر نظر رکھیں اور زائد المیعاد اشیاء کو دکانوں میں نہ رکھیں۔ کمپنی کو واپس کرنے کی غرض سے ایسی اشیاء کو ایک جگہ پر رکھ کر اس پر ایکسپائری ضرور لکھیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو اشیاء کی فروخت سرکاری نرخنامے کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں اور خبردار کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔