لوئر چترال (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر محمد علی خان کے احکامات کی روشنی میں ڈینگی، ملیریا اور دیگر بیماریاں پھیلانے والے مچھروں اور جراثیم سے تحفظ کے لیے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز ڈاکٹر محمد عاطف جالب نے امجد ایٹیمولوجسٹ کے ہمراہ چترال ٹاؤن کے مختلف بس سٹینڈز اڈوں،کاروباری مراکز اور ورکشاپس کا دورہ کیا۔ انہوں نے دورے کے دوران لوگوں سے کہا کہ صاف یا گندہ پانی کھلے برتنوں میں رکھنا ان بیماریوں کے پھیلنے کی بنیادی وجہ ہے۔ عوام بھی اس ضمن میں احتیاط کریں۔خود کو اور اپنے اردگرد کے لوگوں کو ان بیماریوں سے بچائیں۔ اس سلسلے میں ضلع لوئر چترال کی مختلف تحصیلوں میں آگاہی کے اقدامات جاری ہیں اور انسداد ڈینگی کی کارروائیاں شروع ہیں۔ محکمہ صحت کے ذمہ داران اور اہلکار ڈینگی سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہمات بھی چلا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام الناس سے کہا کہ ندی نالوں کی صفائی اور کھڑے پانی کا سدباب کریں اور اپنے شہر کو صاف رکھیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔