لاہور (مانند نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ میاں محمد نواز شریف حفاظتی ضمانت لے کر آئیں گے اور عدالت کے سامنے سرنڈر کر ینگے، پارٹی قائد نواز شریف وطن پہنچ کر مینار پاکستان میں جلسے سے خطاب کریں گے، انتقامی سوچ نے ہی ملک کو دلدل میں دھکیلا،فتنے کی حکومت ختم نہ کرتے تو ملک تباہ ہو چکا ہوتا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، پوری قوم اپنے لیڈر کو ویلکم کرنے کی منتظر ہے کیونکہ وہ قوم کو بحرانی کیفیت سے نکال سکتے ہیں،بعض لوگوں نے منفی باتیں کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے، جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا نوازشریف نے مشکل سے نکالا، 2013 میں پاکستان میں سینکڑوں شہدا کی لاشیں اٹھائی جا رہی تھیں، ملک میں لوڈ شیڈنگ کا عذاب تھا، عوام نے اس کے بعد ہم پر اعتماد کیا اور ہمارے 4 سال میں پاکستان مشکلات سے نکل کر خوشحالی اور ترقی کے ٹریک پر آیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 28 جولائی 2017 کو مینیجڈ فیصلہ کیا گیا، بابائے رحمتے کی سربراہی میں جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ سرگرم تھی، بابا رحمتے کے فیصلے کے باعث پاکستان بحرانی کیفیت میں مبتلا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک عزم کے ساتھ پاکستان آ رہے ہیں، وہ مینار پاکستان میں جلسے سے خطاب کریں گے، پورے پاکستان سے پارٹی کارکنان مینار پاکستان پہنچیں گے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کوئی شک نہیں پاکستان مشکل کا شکار ہے، معاشی طور پر ہم تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں، فتنے کی حکومت ختم نہ کرتے تو ملک تباہ ہو چکا ہوتا، پونے 4 سال انتقامی سوچ نہ ہوتی تو آج یہ حال بھی نہ ہوتا۔ان کا کہنا تھا کہ انتقامی سوچ نے ہی ملک کو دلدل میں دھکیلا، پونے 4 سال کہا گیا کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف قوم کو امید دلائیں گے اور امید کو یقین میں بدلنے کے لئے راستے کا تعین کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف حفاظتی ضمانت لے کر آئیں گے اور عدالت کے سامنے سرنڈر کریں گے، قانونی ٹیم نے پوری تیار کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے منشور میں تمام چیزوں کو کور کیا جائے گا، ن لیگ اور نوازشریف کی واپسی کا مرکزی محور پاکستان اورعوام ہے، اسٹیبلشمنٹ سے معاملات طے پانے کا تاثر بالکل بے بنیاد ہے، عام آدمی کی فلاح و بہبود ہماری جدوجہد کا محور ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ن لیگ اور نواز شریف کیساتھ تجاوز کیا ہے کسی کو نہیں بھولیں گے، وقت آنے پر معاملات سیٹل ہوں گے لیکن اس وقت اگر ہم بھی وہی سب کو پکڑلیں گے اور کسی کو نہیں چھوڑیں گے کی گردان کریں گے تو خود سے اور ملک دونوں سے زیادتی کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اپنے بیان کی وضاحت کئی بار کر چکے ہیں، البتہ ہم نے کسی کے خلاف کوئی مقدمہ بنایا اور نہ مدعی بنے،اگرکوئی جیل میں ہے تو اپنی حرکتوں کی وجہ سے ہے۔ سابق وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ کیا 9 مئی کو جو ہوا وہ ہمارے کہنے پر ہوا ہے، 9 مئی کو سازش کے تحت پاکستان کے دفاع پر حملہ کیا گیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے جلد انتخابات کرانے کا بھرپور مطالبہ کیا، حلقہ بندیوں کے وقت میں تخفیف کے ہمارے مطالبے پر جنوری تک اسے محدود کیا گیا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گھوڑا گھاس سے دوستی کرے گا تو پھر کھائے گا کیا، پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں ہمارے مخالف ووٹر کو متوجہ کرنا ہے، پیپلزپارٹی ہمارے خلاف بات نہیں کرے گی تو پھر مخالف کو کیسے متوجہ کرے گی۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے