نوشہرہ (مانند نیوز ڈیسک)خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ڈاکٹر عزت اللہ جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق نوشہرہ کابل ریور میں گاڑی پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کار میں موجود شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا،جاں بحق ڈاکٹر کا تعلق ضم شدہ سابق قبائلی ضلع کرم ایجنسی سے تھا۔ وہ مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتا ل میں کام کرتے تھے۔جاں بحق ڈاکٹر پشاور سے مردان میڈیکل کمپلیکس جارہے تھے کہ نوشہرہ میں مردان جی ٹی روڈ پر کابل ریور کے مقام پر نامعلوم نقاب پوش افراد نے تعاقب کے بعد ان کے گاڑی پر فائرنگ کرکے انہیں قتل کر دیا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔مقتول ڈاکٹر عزت اللہ اکیلے خود ہی ڈرائیونگ کر رہے تھے۔ فائرنگ سے گاڑی بے قابو ہو کر قریبی نالے میں جاگری۔نامعلوم ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ خاندانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعہ پر ضلع بھر کے ڈاکٹرز نے شدید احتجاج شروع کردیا ہے۔