وانا (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان لوئر وانا میں احمدزائی وزیر کے چار بڑے قبیلوں کے سرکردہ عمائدین آج ایک بڑا جرگہ ہوا جس میں چار بڑے قبیلوں کے مشران نے افغانستان جانے کے لئے ویزہ کے اجراء کے پروگرام کو متفقہ طور پر مسترد کردیا انھوں نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ انگوراڈا گیٹ کے آر پار احمدزائی وزیر کے چار بڑے قبیلے خوجل، توجی خیل، زلی خیل اور گنگی خیل آباد ہیں اور ان چار قبیلوں کی سرحد کے اس پار افغانستان میں جائیدادیں اور رشتہ دار موجود ہیں۔ انھوں کہا کہ احمدزائی وزیر کو پاکستان کے شناختی کارڈز کے ذریعے انگوراڈہ گیٹ کے آر پار آنے جانے کی اجازت ہے کیونکہ ان کا آنا جانا روزانہ کی بنیاد پر ہوتا ہے اس لئے وہ ویزے کے اجرا کا سسٹم نہیں مانتے۔ انھوں نے 22 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی تاکہ انگوراڈا گیٹ پر تجارتی سرگرمیاں بڑھا دی جائیں اور اس میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ تشکیل کردہ کمیٹی اگر احتجاج، دھرنا اور مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کرے تو احمدزائی وزیر کے سارے قبائل کمیٹی کی کال پر احتجاج اور مظاہرہ کرنے کے پابند ہونگے۔ احمدزائی وزیر کے جرگے نے حکومت سے انگوراڈا گیٹ کو طور خم، خرلاچی اور غلام خان کے ہم پلہ بنانے کا پرزور مطالبہ کیا۔