پشاور(مانند نیوز ڈیسک) بینظیر وومن یونیورسٹی کی طالبات سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ٹریفک رضا کار فورس میں شامل ہو گئے اس سلسلے میں گزشتہ روز یونیورسٹی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد اور دیگر ٹریفک حکام بھی موجود تھے۔ ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد نے بینظیر ویمن یونیورسٹی کے طالبات کی فورس میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے فورس مزید مضبوط ہو گی اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی جا سکے گی۔ ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد نے تقریب کے دوران ٹریفک رضا کار فورس میں شامل ہونے والے طالبات میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے شرٹس بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر 60 طالبات کو ڈی ایل وین کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس جاری کردئیے گئے. ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق شہریوں میں آگاہی پیدا کرنا ناگزیر ہے کیونکہ زیادہ تر لوگ ٹریفک قوانین سے نا خبر ہیں جن کو آگاہی دے کر ہی ٹریفک مسائل اور ٹریفک حادثات کو روکا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے طلباء و طالبات پر مشتمل رضا کار فورس کی تشکیل کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رضا کار فورس کے ممبران شہریوں کو شہر بھر میں لین لائن ڈسپلن ‘ زیبرا کراسنگ ‘ سیٹ بیلٹ ‘ ہیلمٹ اور ون ویلنگ سمیت دیگر ٹریفک قوانین بارے آگاہی دینگے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہر بھر میں شہریوں کو ٹریفک کی روانی سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بینظیر ویمن یونیورسٹی کے طالبات فورس میں شامل ہونے کے بعد یہ سلسلہ مزید تیز ہو جائیگا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے سمیت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ بعد ازاں یونیورسٹی کے حکام اور ٹریفک پولیس حکام میں شیلڈز تقسیم کئے گئے۔