پشاور(مانند نیوز) رحمان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے پشاور پریس کلب کے صحافیوں کے لئے منعقدہ ساتویں میڈیا کرکٹ لیگ کا میلہ پشاور میں سج گیا۔ کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے میڈیا کرکٹ لیگ کے افتتاحی میچ میں کنگ کوبرا نے فالکنز کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔ فالکنز کے کپتان سجاد حسین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم مقررہ 8 اوورز میں 86 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عامر صدیقی 35 اور عالمزیب 13 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ کنگ کوبرا کی جانب سے قاری ضیاء الاسلام اور ہارون رشید نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں کنگ کوبرا نے 87 رنز کا ہدف 1 وکٹ کے نقصان پر چھٹے اوور میں پورا کر لیا۔ کوبرا کے اوپنر کامران گل نے ایم سی ایل 7 کی پہلی ففٹی سکور کی وہ 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رفعت احسان 17 اور ارشد عزیز ملک ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ فالکنز کی جانب سے اکلوتی وکٹ مدثر زیب نے حاصل کی۔ کنگ کوبرا کے اوپنر بلے باز کامران گل پلیئر آف دی میچ قرار پائے جنہیں مہمان خصوصی صوبائی وزیر جنگلات، ماحولیات و خوراک آصف رفیق نے میڈل پہنایا۔