کابل(مانند نیوز ڈیسک)طالبان حکومت کے اقدامات کی وجہ سے افغان خواتین اور لڑکیوں کیخلاف تشدد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق حقوق کی پامالیوں کی وجہ سے افغانستان میں خواتین خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔جولائی 2023 میں افغانستان میں عورتوں کے 60 ہزار سے زائد کاروباروں کو بند کردیا گیا، طالبان حکومت کے اقتدار کے بعد 2025 تک 51,000 زچگی اموات کا امکان ہو سکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق افغان پارلیمنٹ کی سابق رکن فوزیہ کوفی نے انکشاف کیا ہے کہ طالبان حکومت کی جانب سے اگست 2021 سے اب تک خواتین مخالف 80 حکم نامے جاری ہوچکے ہیں جبکہ افغانستان میں ہونے والی مجموعی خودکشیوں میں خواتین کی شرح تقریبا 80 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور عورتوں کے 60 ہزار سے زائد کاروبار بند کرا دیئے گئے ہیں۔ افغان پارلیمنٹ کی سابق رکن فوزیہ کوفی نے افغان خواتین کی محرومیوں کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائی اور 23 نومبر کو ماسکو اجلاس میں طالبان حکومت کے احکامات کی نشاندہی کی، جن کے ذریعے افغان خواتین کو ان کے جائز حقوق سے محروم کر دیا گیا گیا۔ فوزیہ کوفی نے بتایا کہ افغان طالبان نے 80 حکم نامے جاری کیے ہیں، جن کا مقصد معاشرے سے خواتین کو مٹا دینا ہے۔ فوزیہ کوفی کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت نے افغان خواتین کی شناخت مسخ کردی ہے، طالبان کے بس چلے تو وہ خواتین کا سانس لینا بھی محال کردیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ خواتین کے حقوق کی بحالی اور طالبان حکومت کے خلاف ایک تحریک چلائی جانی چاہئے کیونکہ طالبان گروپ کے خلاف کھڑا ہونا اس ملک کے حالات میں تبدیلی کا باعث بنے گا۔